گومل یونیورسٹی کا کمپیوٹر آپریٹر کے پی  ہائوس اسلام آباد کا انچارج تعینات 

Sep 10, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ  خیبر پی کے محمود خان نے گومل یونیورسٹی کے کمپیوٹر آپریٹر کو کے پی ہائوس اسلام آباد کا انچارج لگا دیا۔ ذرائع کے مطابق محمود خان کے پی ایس او نے اپنے بھائی کو کے پی ہائوس اسلام آباد کا کمپٹرولر بنوایا اور انجم نیاز نے چارج سنبھالتے ہی 22 ڈیلی ویجز ملازمین بھی بھرتی کر لئے۔ کے پی حکومت نے گریڈ 18 کی پوسٹ پر گریڈ 16 کا کمپیوٹر آپریٹر تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ کمپٹرولر کے پی ہائوس اسلام آباد انجم نیاز کے زیراستعمال تین گاڑیاں ہیں۔ انجم نیاز کو سرکاری طورپر پٹرول بھی دیا جا رہا ہے اور کنوینس الائونس بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے  مطابق انجم نیاز سرکاری گھر میں رہائش پذیر ہیں اور ہائوس رینٹ بھی لے رہے ہیں۔ گھر کے بجلی اور گیس کے بل سرکاری خزانے سے ادا کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی ہائوس کے بل انجم نیاز کے بھائی ہی ایس او ٹو چیف منسٹر ویریفائی کرتے ہیں۔  کمپٹرولر کے پی ہائوس انجم نیاز کا اس حوالے سے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری تعیناتی ڈیپارٹمنٹ نے کی ہے۔ میری تعیناتی سے متعلق ڈیپارٹمنٹ سے بات کریں۔

مزیدخبریں