لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبر ون پلیئر بن جانے پر بات کی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے انسٹاگرام پر محمد رضوان کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ مجھے نمبر ون بن جانے پر بس اتنی خوشی ہے کہ اللہ نے وہ مقام دیا جس پر لوگ کہتے تھے کہ رضوان چھکا نہیں مار سکتا ورنہ میں اور بابر اعظم الگ نہیں ہیں۔ مجھ میں اور کپتان بابر اعظم میں کوئی فرق نہیں ہے، نمبر ون وہ ہوں یا میں کوئی فرق نہیں پڑتا، زیادہ خوشی یہ ہے کہ ریکارڈ پاکستان کے پاس تھا اور پاکستان کے پاس ہی ہے۔ میرے ذریعے بھی رینکنگ پاکستان کے پاس ہی آئی ہے۔
ماضی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے قبل افتخار سے ہوئی گفتگو پر بات چیت کرتے ہوئے محمد رضوان نے بتایا کہ مجھے اس روز گاڑی میں افتخار نے کہا تھا کہ رضوان تمہارے کیرئیر کا آج آخری میچ ہے کیونکہ مجھے پی ایس ایل میں بھی نہیں کھلایا جا رہاتھا اور مجھے لگ رہا تھا اب مجھے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ بھی نہیں کھلایا جائے گا لیکن بس محنت کرتا تھا اور اللہ سے دعا کرتا تھا اللہ نے مصباح بھائی کے ذہن میں ڈالا اور انھوں نے مجھ سے اوپننگ کرائی۔