اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سیلاب سے متاثرہ حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت ایک ارب روپے مختص کر دیئے گئے ،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 80 فیصدمستحقین میں 22.9 ارب روپے تقسیم کر دیئے گئے ۔جمعہ کے روز 22,604 خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کی گئی۔وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ لاکھوں حاملہ خواتین اور بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بلوچستان میں 111,680 متاثرہ خاندانوں کو 2,792,00,000 روپے مل چکے ہیں۔ سندھ میں 545,505 خاندانوں کو 13,637,625,000 روپے مل چکے ہیں۔ خیبرپختونخواہ میں 113,851 خاندانوں کو 2,846,275,000 روپے موصول ہوئے ہیں اور پنجاب میں 147,085 خاندانوں کو 3,677,125,000 روپے ملے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کیساتھ مکمل تعاون کریں۔
بینظیر نشوونما پروگرام‘سیلاب متاثرہ حاملہ خواتین، بچوں کیلئے ایک ارب روپے مختص
Sep 10, 2022