اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے فرانس کے سفیرنکولس گیلے نے یہاں ملاقات کی۔ ترجمان وزارت دفاع کے مطابق وزیر دفاع نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فرانس دوطرفہ تعلقات باہمی احترام کے اصولوں پر استوار ہیں۔وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور خاص طور پر افغانستان اور بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس بات کے عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا پر امن حل ضروری ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ دلچسپی کے تمام امور پر فرانس کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ انہوں مزید کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون ہمارے دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا یقینی کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔
وزیر دفاع سے فرانس کے سفیرنکولس گیلے کی ملاقات ، اہم امور پر گفتگو
Sep 10, 2022