اسلام آباد(نا مہ نگار)واپڈا نے کہا ہے کہ میر پور کوٹلی شاہراہ کسی طور بھی منگلا ڈیم کا حصہ نہیں منگلاڈیم محفوظ ہے، ڈیم کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے،ترجمان واپڈا کے مطابق نیو میر پور سٹی کے مین گیٹ کے قریب میرپور کوٹلی شاہراہ پرچند دراڑیں مشاہدہ میں آئی ہیں۔ یہ شاہراہ ابتدائی طور پر سنگل لین سڑک تھی جسے بعد ازاں محکمہ شاہرات حکومت آزاد جموں کشمیر نے دو ر ویہ شاہراہ میں تبدیل کردیا تھا۔میر پور کوٹلی شاہراہ منگلا ریزروائر کے نواح سے گزرتی ہے اور کسی طور بھی منگلا ڈیم کا حصہ نہیں۔ منگلا ڈیم محفوظ ہے اور ڈیم کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ اطلاع کے مطابق میر پور کی مقامی انتظامیہ میرپور کوٹلی شاہراہ پر پڑنے والی دراڑوں کے معاملہ کا جائزہ لے رہی ہے اور اس سلسلے میں اقدامات عمل میں لارہی ہے۔