کراچی (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیربرائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ملک میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 80 فیصد مستحقین میں 22.9ارب روپے تقسیم ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ہے ۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب سے متاثرہ 918,121خاندانوں میں 22,953,025,000روپے تقسیم کییجاچکے ہیں اور اب تک کل شناخت شدہ 80فیصد مستحق مستفیدین میں امدادی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔جمعہ کے روز 22,604خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ بلوچستان صوبے کے 111,680متاثرہ خاندانوں کو 2,792,00,000روپے مل چکے ہیں اور سندھ میں 545,505خاندانوں کو 13,637,625,000روپے مل چکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخواہ میں 113,851خاندانوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 2,846,275,000روپے موصول ہوئے ہیں اورپنجاب صوبے میں 147,085خاندانوں کو 3,677,125,000روپے ملے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پرموجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کیساتھ مکمل تعاون کریں۔
سیلاب متاثرہ خواتین و بچوں کیلئے ایک ارب روپے مختص
Sep 10, 2022