امداد پہنچنا شروع ہوگئی،مشکلات پر جلد قابو پالیں گے :سینیٹر ثمینہ زہری

کوئٹہ /حب ( این این آئی ) بلوچستان حکومت کی فوکل پرسن برائے سیلاب متاثرین و سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے کہا ہے کہ ان شاء  اللہ دوست ملکوں کے تعاون اور مدد سے متاثرین کی جلد بحالی اور دوبارہ اپنے گھروں میں آبادکاری میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل دریجی، لوہی اور ملحقہ گوٹھوں کیلئے راشن اور دیگرامدادی سامان روانہ کرنے کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا بہت جلد وفاقی و صوبائی حکومتوں اور دوست ملکوں کی مدد و تعاون سے ریلیف اور بحالی کے کامو ں میں درپیش مشکلات پر قابو پالیں گے اور جلدمتاثرین کو ان کے گھروں میں دوبارہآباد کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پورا بلوچستان حالیہ طوفانی اور تبا ہ کن بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے اور ہم حکومتی مشنری کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کی فوری امداد اور بحالی کے لئے بلا تعصب رنگ و نسل بھرپور کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برادر و دوست ملکوں کی جانب سے امدادی سامان پہنچنا شروع ہو گئی جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے سعودی عرب ، چین ، جاپان ، فرانس ، جرمنی ، ترکیہ ، ایران ، متحدہ عرب امارات اور دیگر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے بھجوائی گئی امداد سیلاب زدگان کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ذاتی طور پر اپنی استطاعت کے مطابق صوبے کے مختلف حصوں میں خیمے ، راشن اور دیگر ضرورت کی چیزیں تقسیم کیں۔ اس کام کے پیچھے کوئی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا ذاتی مفادشامل نہیں بلکہ اس سارے کام کے پیچھے صرف اور صرف دکھی انسانیت کی خدمت اور بارشوں اور سیلاب سے تباہ حال بے گھر افراد کی فوری مدد کا جذبہ کارفرما تھا جو کہ بلوچستان کی بیٹی ہونے کی ناطے مجھ پر فرض تھااور یہ امدادی سرگرمیاں مشکلات کے باوجودجاری و ساری رہیں گی۔

ای پیپر دی نیشن