کوئٹہ ( اے پی پی) ضلعی انتظامیہ نصیر آباد نے بارشوں و سیلاب متاثرین کی مدد و معاونت کے لیے وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام غیر سرکاری تنظیموں کو این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ تمام مستحقین تک امداد پہنچائی جاسکے۔ گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر نصیر آباد عائشہ زہری کی دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام غیر سرکاری اداروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی ریلیف سرگرمیوں سے قبل ضلع انتظامیہ سے این او سی حاصل کریں تاکہ انہیں ایسی متاثرہ یونین کونسل کی نشاندہی کرکے دی جائے جہاں قبل ازیں امداد نہیں پہنچی اس اقدام کا مقصد دستیاب وسائل کا درست استعمال ہے تاکہ ریلیف کا دائرہ تمام متاثرین تک پھیلایا جاسکے اور ایک ہی علاقے میں ریلیف کا عمل باررہا ہونے کے بجائے محروم رہ جانے والے افراد تک امداد پہنچائی جاسکے۔