آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی میں کافی وقت لگ سکتا ہےآئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دادو ضلع میں اندرون سندھ کے دور دراز علاقوں کا دورہ کیا جس میں انہوں نے ریلیف اور میڈیکل کیمپوں میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ وقت گزارا۔دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجیوں سے گفتگو کی اور دادو اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو 5000 خیمے فراہم کرنے کی ہدایت کی۔آرمی چیف دادو، خیرپور ناتھن شاہ، جوہی، مہر اور منچھر جھیل کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فضائی نگرانی کے لیے روانہ ہو گئے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقعے پر کہا کہ دادو میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، حمل جھیل اور منچھر جھیل سیلاب کی وجہ سے مل چکے ہیں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اس مشکل مرحلے میں ہماری مدد کر رہی ہے کیونکہ اس وقت ہمارے بھائی مشکل میں ہیں، میں آپ سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ ان کیلئے امداد لے کر آئیں۔جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان بھر سے لوگ سیلاب متاثرین کیلئے امداد پہنچا رہے ہیں اور ہم بھی اپنی طرف سے پلاننگ کر رہے ہیں کہ آئندہ اس قسم کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔آرمی چیف نے کہا کہ عالمی برادری مدد کر رہی ہے لیکن صرف ان پر انحصار نہیں کرنا چاہیے، سیلاب متاثرین کی بحالی میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔