مراکش میں خوفناک زلزلہ، شدت6.8قیامت صغریٰ برپا، 1037افراد جاں بحق، 1200زخمی

Sep 10, 2023

رباط،اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ خصوصی، خبرنگار، نمائندہ نوائے وقت،خصوصی نامہ نگار) مراکش میں خوفناک زلزلے کے بعد قیامت صغریٰ کے مناظر ہیں اور ہر طرف ملبے کا ڈھیر تباہی کی داستانیں سنا رہے ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے، قدرتی آفت میں اب تک 1037 افراد جاں بحق اور 1200 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز مراکش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے سے عمارتیں لرز اٹھیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ حکام کے مطابق علاقے کی تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1037 تک پہنچ گئی جبکہ اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، زخمیوں کی تعداد بھی 1200 تک پہنچ گئی۔زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، تاہم مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جس کے باعث خوفزدہ شہریوں نے رات کھلے مقامات اورسڑکوں پرگزاری۔امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق شدید زلزلہ مراکش کے پہاڑی علاقے اٹلس میں آیا، جس کامرکز مراکش کے جنوب مغرب میں 75 کلومیٹر دور تھا۔ زیر زمین گہرائی 18.5 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔دوسری جانب مراکش کے ہمسایہ ملک الجیریا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔تباہ کن زلزلے کے بعد تعزیت اور اظہار افسوس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگران وزےر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مراکش میں زلزلے سے قیمتی جانی اور مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے زلزلے کے متاثرین کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اس تباہ کن زلزلے کے متاثرین کےساتھ ہیں۔انہوں نے مشکل گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا بھی کی۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مراکش میں شدید زلزلہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان مراکش کے بہادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے برادر اسلامی ملک مراکش میں تباہ کن زلزلے میں سینکڑوں افراد کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراکش کے عوام کی مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیںاسلامی ممالک سمیت پوری دنیا مراکش کے عوام کی مدد کے لئے آگے بڑھے، شہباز شریف نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی ملبے تلے افراد کی قیمتی زندگیوں کے لئے دعا گو ہیںقدرتی آفات تمام انسانوں کے لئے خطرات بڑھا رہی ہیں،قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کے مقابلے کے لئے پوری دنیا کو مل کر کام کرنا ہوگاسابق وزیراعظم کا جانی نقصانات پر متاثرہ خاندانوں سے دکھ اور افسوس کے جذبات کا اظہار کیا۔پی پی پی کے چیئرمین بلاول اور سابق وزیر خارجہ بھٹو زرداری نے مراکش کی حکومت اور عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ وہاں قدرتی آفت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر دکھی اور صدمے کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستان کے عوام مشکل کی اس گھڑی میں برادر اسلامی ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔پاکستان نے مراکش میں تباہ کن زلزلہ سے ہونے والے جانی ومالی نقصان پردلی ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیاہے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے عوام اورحکومت مراکش کی حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑی ہے۔تر جما ن دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت مراکش کی حکومت کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کل آنیوالے زلزلے میں المناک جانی نقصان پر دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مراکش میں زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان کی عوام اور حکومت اپنے مراکش بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ ا س ناگہانی آفات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے ہفتہ کو پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون کو ٹیلیفون کیا اور مراکش میں ہولناک زلزلہ سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مراکش کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کا مراکش میں شدید زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے یہاں جاری بیان میں سپیکر نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں برادر ملک مراکش کی عوام کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔نگراں وفاقی وزیر خلیل جارج کا مراکش میں ہولناک زلزلے پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔خلیل جارج نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں، جانی و مالی نقصان پر ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔علاوہ ازیں مراکش میں ہولناک زلزلے سے جانی نقصان پر ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا۔فرانس کے مشہور سیاحتی مقام ایفل ٹاور کی لائٹیں بند کر دی گئیں

مزیدخبریں