لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے جناح ہاﺅس جلاﺅ گھیراﺅ و دیگر مقدمات میںاعجاز چوہدری اور میاں محمودالرشید کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت نے بیماری کے باعث دونوں ملزموں سے جیل میں تفتیش کرنے کی ہدایت کر دی اور چودہ ستمبر کو ملزموں کی تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس نے مقدمے میں شامل نئی دفعات کی روشنی میں ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو راحت بیکری افشان چوک میں پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کیس میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ عائشہ علی بھٹہ سمیت 8 ملزموں کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ جناح ہاﺅس حملہ اور جلاﺅ گھیراﺅکیس میں ملوث 158 ملزموں کا دوبارہ سات روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہونے پر دوبارہ جسمانی ریمانڈ منظور ہوا۔ عدالت نے جناح ہاﺅس حملہ اور جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں روبینہ جمیل سمیت سات خواتین کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ منظورکر لیا۔ مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہونے پر دوبارہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے عسکری ٹاور جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمے میں شامل نئی دفعات کیس میںعمر سرفراز چیمہ اور خدیجہ شاہ کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ عدالت نے 14 ستمبر کو دوبارہ ملزموں کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جناح ہاﺅس جلاﺅ گھیراﺅ مقدمات میں ملزمہ خدیجہ شاہ و دیگر ان کی ضمانتوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان کو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے شیر پاﺅ پل پر اداروں کے خلاف تقریر اور جلاﺅ گھیراﺅ میں نئی دفعات شامل کرنے کے کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاﺅ گھیراﺅ مقدمے میں نئی دفعات شامل کرنے کے کیس میں گرفتار چھ ملزموں کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان میں ارباز، عبد الحفظ، فہیم قیصر، طاہر خان محمد گل اور غلام عباس شامل ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت‘ متعدد پی ٹی آئی رہنما¶ں‘ کارکنوں کا جسمانی ریمانڈ منظور
Sep 10, 2023