اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) پرویز الٰہی کی گرفتاری کے خلاف پرویز الٰہی کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں رہائی کے لئے اپیل دائر کر دی۔ پرویز الٰہی کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست میں پرویز الٰہی کو آئندہ بھی کسی مقدمے میں گرفتاری سے روکنے کی بھی استدعا کی ہے، اپیل میں مزید استدعا کی گئی پرویز الٰہی کو نامعلوم مقدمات میں بھی گرفتاری سے روکنے کے احکامات دیئے جائیں، اپیل میں کہا گیا پرویز الٰہی کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کے بھی احکامات جاری کئے جائیں۔ مزید موقف اختیار کیا گیا لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی درخواست کو غیر موثر ہونے کی بنا پر نمٹا دیا تھا، پرویز الٰہی کو رہائی کے احکامات کے باوجود دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی گرفتاری سے متعلق حقائق کا جائزہ نہیں لیا، درخواست میں نگران پنجاب حکومت، سیکرٹری داخلہ پنجاب، آئی جی پنجاب کوفریق بنایا گیا ہے۔
پرویز الٰہی کی گرفتاری، اہلیہ نے رہائی کے لئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی
Sep 10, 2023