گلگت (نوائے وقت رپورٹ ) گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی ایل اے 13 استور 1کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصافکے محمد خورشید خان نے 994 ووٹوں کی برتری سے میدان مارلیا۔ تمام 56 پولنگ سٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ موصول ہوگیا ہے جس کے مطابق تحریک انصاف کے محمد خورشید خان 6 ہزار 219 ووٹ لےکر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے رانا فرمان علی 5 ہزار 225 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست سابق وزیراعلیٰ خالدخورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخاب میں پولنگ کے لیے لوگ پرجوش دکھائی دیئے، کاشت کاری کے سیزن میں تمام مصروفیات کے باوجود دور دراز علاقوں سے بھی پیدل سفر کرکے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پہنچے،کئی پولنگ سٹیشنز پر ووٹرز نے پولنگ کا عمل سست ہونے کی شکایت بھی کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے نااہل وزیراعلیٰ کے والد خورشید خان کو ٹکٹ دیا گیا تھا جو نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔