ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ، انسداد پولیو کیلئے وزیر اعظم کی نمائندہ خصوصی عائشہ رضا فاروق، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسف، گیٹس فاﺅنڈیشن اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ملک گیر خصوصی انسداد پولیو مہم کے آغاز کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز نے کہا کہ ملک بھر کے 115 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاﺅ کی ویکسین دی جائے گی۔ والدین بچوں کے محفوظ مستقبل کیلئے پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔
پولیو ایک لاعلاج مرض ہے‘ اس مرض سے متاثرہ افراد اپاہج ہو کر صرف محتاجی کی زندگی بسر نہیں کرتے بلکہ وہ اپنے خاندان اور معاشرے پر بھی بوجھ بن جاتے ہیں۔ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلا کر اس مرض سے بچایا جا سکتا ہے۔ مگر بدقسمتی سے اس وقت پاکستان پولیو ویکسین مخالف مہم کی گرفت میں ہے۔ انسداد پولیو مہم کو ناکام بنانے میں جہاں والدین کی غفلت ‘ لاپروائی اور لاعلمی سامنے آئی ہے‘ وہیں کئی ملک دشمن عناصر بھی اس مہم کو ناکام بنانے میں سرگرم ہیں۔ بالخصوص پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ایسے عناصر پولیو مہم کو آسانی سے ناکام بنا رہے ہیں۔ 2018ءمیں باجوڑ کے ضلع میں پولیو وائرس کا بھرپور حملہ ہوا‘ تحقیقات سے پتہ چلا کہ پولیو ویکسین کے حوالے سے والدین میں پائی جانے والی تشویش کے باعث انہوں نے اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے اس مرض میں اضافہ ہوا۔ اسکے علاوہ پولیو ٹیموں پر حملے بھی اس مرض میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ بے شک حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے لیکن جب تک اس ویکسین کے حوالے سے عوام میں پائی جانیوالی تشویش دور نہیں کی جاتی‘ پاکستان کو پولیو فری بنانے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ شمالی علاقہ جات سمیت‘ گاﺅں اور دیہات میں عوام کیلئے آگاہی پروگرام اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے‘ گھر گھر پمفلٹ تقسیم کئے جائیں تاکہ جن والدین میں پولیو ویکسین کے حوالے سے کسی قسم کے تحفظات پائے جاتے ہیں‘ انہیں دور کیا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن

ہم باز نہیں آتے!!

حرف ناتمام…زاہد نویدzahidnaveed@hotmail.com یادش بخیر …یہ زمانہ 1960 کا جس کے حوالے سے آج بات ہوگی۔ یہ دور ایوب خاں کے زوال اور بھٹو ...