پنجاب پاکستانی معیشت کا حب ہے، صوبہ پنجاب اپنی بھرپور ثقافت، شاندار تاریخ اور تیز تر اقتصادی ترقی کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ صوبہ کی پہلی خاتون وزیر اعلی مریم نواز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی عوام کی ترقی و خوشحالی کو اپنا بنیادی مشن بنا کر ہنگامی بنیادوں پر اپنی زیر نگرانی فوری اصلاحات کا آغاز کروایا۔وزیر اعلی پنجاب کے عوام دوست ویڑن اور خصوصی ہدایات کے تحت صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر نگرانی سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ نے نہ صرف محکمہ صنعت و تجارت سرمایہ کاری، ترقی و ہنرمندی کو مکمل طور پر فعال بنایا بلکہ ریکارڈ مدت میں اہم اہداف کامیابی سے حاصل کر کے ثابت کیا کہ یہ محکمہ صوبہ کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہا ہے۔ پنجاب حکومت کے عوامی منصوبوں پر ایک نظر ڈالی جائے توپنجاب حکومت نے نگہبان رمضان پیکج، مریم کا دستک پروگرام، نواز شریف آئی ٹی سٹی، کسان پیکج، کسان کارڈ، اپنا گھر اپنی چھت پروگرام، چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام، سٹوڈنٹس کیلئے الیکٹرک بائیکس سکیم، فری وائی فائی، گارمنٹ سٹی سمیت 100 منصوبے شروع کر کے شاندار کام کیا۔ معاشی بدحالی سے نکلنے کا واحد راستہ معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہے، اسی سلسلے میں قائد اعظم بزنس پارک میں 625 ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس پروجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لئے اس کی تمام تر ذمہ داری بیوروکریسی میں کام کی بنیاد پر منفرد پہچان رکھنے والے سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر احسان بھٹہ کو دی گئی ہے، اس سے قبل نگران دور حکومت میں صرف ایک ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے 31 محکموں کو ایک ہی چھت تلے لا کر ملکی تاریخ میں سرمایہ کاری کو نئی جدت دی اور 6 کاروباری سہولت مراکز لاہور، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں 3 ماہ کے ریکارڈ وقت میں مکمل کئے گئے اور ان کے شروع ہونے کے بعد سے 17500 کے قریب درخواستیں جمع ہوئیں اور 26 صوبائی حکومتوں کے محکموں کے 15000 سے زائد این او سی (90فیصد سے زائد) جاری کئے گئے۔ اب گارمنٹ سٹی بھی وقت سے پہلے مکمل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر احسان بھٹہ نے گارمنٹ سٹی بارے تفصیل سے بتایا کہ قائداعظم بزنس پارک کی رابطہ سڑک تعمیر ہوچکی جس کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب جلد کرینگی مزید برآں محکمہ جنگلات کی جانب سے سڑکوں کے دونوں اطراف شجر کاری مکمل کر لی گئی ہے اور 8000 کے قریب پودے لگائے گئے ہیں۔ اب بزنس پارک اور گارمنٹ سٹی میں آمدورفت کا بڑا مسئلہ حل ہو چکا ہے۔موٹروے سے منسلک ہونے کی وجہ سے یہاں صنعت و صنعتکاروں کا رجحان بہت زیادہ ہوگا۔تاریخ میں پہلی بار خاص طور پر خواتین کیلئے لیبر کالونی قائم کی جارہی ہے جس کا سنگ بنیاد جلد ہی رکھ دیا جائے گا جسے مسلسل فالو اپ کے نتیجے میں مقررہ وقت سے پہلے ہی مکمل کر لیا جائے گا تاکہ خواتین ذہنی سکون اور اطمینان کے ساتھ روزگار حاصل کر سکیں۔ سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ چیک اینڈ بیلنس اور پروجیکٹ کی اصل صورت حال کو جاننے کیلئے گارمنٹ سٹی کا ہفتے میں ایک روز دورہ لازمی کرتا ہوں تاکہ کام کی رفتار اور معیار کو جانچا جائے، گارمنٹ سٹی کے ساتھ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جا رہا ہے جس سے گارمنٹس انڈسٹری سے متعلقہ سکلڈ لیبر کا حصول آسانی سے ممکن ہوگا۔ پلگ اینڈ پلے سٹیچنگ یونٹ اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے جس سے منسلک ہونے کی وجہ سے خواتین کیلئے ٹریننگ آسان اور مکمل ہونے کے بعد روزگار کا حصول بھی آسانی سے ممکن ہوگا اور یہ ووکیشنل ٹریننگ سینٹر نہ صرف قائداعظم بزنس پارک بلکہ دیگر شہروں میں بھی موجود انڈسٹریز کو سکلڈ لیبر فراہم کرے گا۔ہم نہ صرف ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ٹریننگ دیں گے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ٹرینی خواتین و حضرات کو دوران تربیت 20 ہزار روپے سکالرشپ بھی دیا جائے گا۔ پہلی مرتبہ خواتین کیلئے فری پک اینڈ ڈراپ سروس بھی شروع کی جارہی ہے۔جس سے خواتین پورے اعتماد کے ساتھ محفوظ طریقے سے ورک پلیس پر آجا سکیں گی۔ گارمنٹ سٹی حکومت پنجاب کا لینڈ مارک پراجیکٹ ہے۔موٹروے کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے قائد اعظم بزنس پارک کو گارمنٹ سٹی کیلئے موزوں قرار دیا گیا۔ سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق صوبائی صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی کاوشوں سے ان تمام پراجیکٹ پر کام کا آغاز ممکن ہوا اور ہمیں یقین ہے کہ اس پراجیکٹ کو وقت سے پہلے ہی مکمل کرلیا جائے گا۔