ورسٹائل ماڈل و اداکار ’’میکال ذوالفقار‘‘ چھوٹی اور بڑی سکرین پر یکساں مقبولیت رکھتے ہیں۔ان کا ان دِنوں ڈرامہ سیریل ’’دلِ نادان ‘‘ آن ائیر ہے۔ اداکار کا اس میں کردار شائقین کافی پسند کررہے ہیں۔میکال نے بطور پرڈیوسر فلم ’’منی بیک گارنٹی ‘‘ بھی بنائی۔ان کا حالیہ وقتوں میں اختتام پذیرہونے والے ڈرامہ ’’جیسے آپ کی مرضی ‘‘ میں ان کے کردار کو بہت پسند کیا گیا۔ گزشتہ دنوں نوائے وقت نے ان سے خصوصی انٹرویو کیا اور ان کی فلموں اور ڈراموں کے علاوہ ان کی اپنی شخصیت کے حوالے سے جو باتیں کیں وہ نذر قارئین ہیں۔
سوال:دو دہائیوں سے کام کررہے ہیں لیکن آپکی فٹنس آج بھی برقرار ہے ،راز کیا ہے؟
میکال ذوالفقار:آج جیسا دور ہے اس میں ہر کوئی اپنا خیال رکھتا ہے ، ہاں اگر آپ شوبز کی فیلڈ میں ہوں تو یقینا زرا خود کا زیادہ خیال رکھنا پڑتا ہے ، بس میں بھی اپنا خیال رکھتا ہوں۔ فٹ رہنا چاہتے ہیں تو صرف اپنی ڈائیٹ کو کنٹرول کر لیں آپ کو اس سے زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں پڑیگی۔لیکن یہ ضرور کریں کہ دھوپ سے بچیں۔ میں نے پانچ برس پہلے ہیڈ لائنز سٹوڈیو اینڈ سیلون بنایا یہاں آتا رہتا ہوں خود کا بہت خیال رکھتا ہوں۔
سوال:آپ کا ڈرامہ دْرنایاب آن ائیر ہے اسکا ریسپانس کیسا مل رہا ہے؟
میکال ذوالفقار:مجھے یقینا اپنے اس ڈرامے کا ریسپانس بہت اچھا مل رہا ہے ، اس میں ، میں امر خان کے ساتھ پہلی بار کام کررہا ہوں۔ اس ڈرامے سے پہلے چند ایک جو ڈرامے کئے ان میں میرا کردار کہیں نہ کہیں تھوڑا بہت نیگیٹیو تھا۔ اس میں آپ کو ایک اچھا مرد دکھائی دے گا۔
سوال:آپ شادی کب کررہے ہیں، اور لڑکی میں کیا خوبیاں ہونی چاہیں؟
میکال ذوالفقار: مجھے ایسی لڑکی سوٹ کریگی جو میرے مزاج کو سمجھتی ہوںمجھے سمجھتی ہو، میرے ساتھ چل سکتی ہو۔
سوال:ڈرامہ سیریل ’’جیسے آپ کی مرضی‘‘ میں جو آپ کا کردار تھا کیا آپ ذاتی زندگی میں ویسے ہیں ؟ اور رشتوں کی اہمیت کے حوالے سے کیا کہیں گے ؟
میکال ذوالفقار:جیسے آپ کی مرضی میں میرا جیسا کردار تھا میں اس کے ساتھ دور دور تک نہیں ملتا۔باقی ہر رشتے کی اپنی اہمیت ہوتی ہے ، بیوی ماں بہن بھائی سب کی اہمیت اپنی اپنی جگہ ہوتی ہے۔ حالات کی وجہ سے بعض اوقات آپ کچھ فیصلے ایسے کر جاتے ہو جو نہیں کرنے چاہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کسی بھی رشتے کو کم اہمیت دے رہے ہیں ا ور کسی کو زیادہ۔
سوال:رشتوں میں خرابی کب اور کہاںآتی ہے؟
میکال ذوالفقار: سادہ سی بات ہے کہ رشتوں میں خرابی، ساتھی پر یقین نہ کرنے، جھوٹ بولنے سے آتی ہے۔ اور بعض اوقات ہم توقعات اتنی بنا لیتے ہیں کہ وہ پوری نہ ہوں تو رشتہ خرابی کی طرف چلا جاتا ہے۔ سوال:آپ کسی بھی رشتے سے کتنی توقعات رکھتے ہیں؟
میکال ذوالفقار:میںبہت زیادہ انڈ ر سٹینڈنگ ہوں یہ میری کوالٹی بھی کہی جاسکتی ہے۔ میں جیو اور جینے دو پر عمل کرتا ہوں۔ میں یقینا رشتوں سے توقعات رکھتا ہوں اور اتنی رکھتا ہوں جتنا میں اس رشتے کو اہمیت دیتا ہوں۔ اور مجھے کسی رشتے میں مسئلہ تب ہوتا ہے جب مجھے لگے کہ میں جتنا کر رہا ہوں دوسرا شخص اتنا نہیں کررہا۔
سوال:درفشاں اور ماہرہ خان کے ساتھ آپ کی جوڑی بہت پسند کی گئی دوبارہ ان کیساتھ کب دکھائی دیں گے ؟
میکال ذوالفقار:ماہرہ خان بہت زیادہ کام تو نہیں کرتی لیکن جب جب مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا بہت مزہ آیا ، مجھے دوبارہ موقع ملا تو یقینا اچھا لگے گا۔ درفشاں اچھی اداکارہ اور لڑکی ہے۔ ا س کے ساتھ ڈرامہ سیریل جیسے آپ کی مرضی میں کام کیا بہت اچھا لگا ، آن سکرین کام تو مجھے اسکا بہت اچھا لگا۔ میں سمجھتا ہوں کہ ظاہری سے زیادہ باطنی خوبصورتی اہمیت رکھتی ہے، درفشاں نے اس حوالے سے جو بھی کیا ہے وہ بہت محنت کے ساتھ کیا ہے۔
سوال:فلم منی بیک گارنٹی کا ریسپانس ویسا ملا جیسا ملنا چاہیے تھا ؟
میکال ذوالفقار: یہ فلم سوشل سٹائر تھی ہم نے اپنے اوپر بات کی تھی اور ہمارے ہاں اپنے اوپر بات سننے کا رواج نہیں تھا۔ دوسرا یہ ہے کہ فلم کی کاسٹ بہت بڑی تھی۔ بہت سارے لوگوں نے پسند بھی کی لیکن یقینا فلم اس طرح سے بزنس نہ کر سکی جیسا ہم سوچ رہے تھے ، میں سوچ رہا تھا کہ کچھ نہیں تو سو کروڑ کریگی ، میرا پارٹنر سوچ رہا تھا کہ پانچ سو کروڑ کمائے گی لیکن ایسا نہ ہو سکا اور ہمیں نقصان اٹھانا پڑا۔ اسی وقت میں میری فلم ہوئے تم اجنبی بھی لگی وہ بھی نہ چل سکی اسکی شاید وجہ یہ رہی کہ میری دونوں فلمیں آمنے سامنے تھیں۔ لیکن مجھے ریلیز سے پہلے بہت اچھا لگ رہا تھا کہ ہر طر ف میرے ہی پوسٹر لگے ہوئے تھے۔
سوال:آپ کو ہالی وڈ سٹار بریڈ پٹ کے ساتھ ملایا جاتا ہے کیسا لگتا ہے ؟
میکال ذوالفقار: مجھے بریڈ پٹ کے ساتھ ملایا جاتا ہے تو بہت اچھا لگتا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ لوگ مجھے پاکستان کا بریڈ پٹ کہتے ہیں۔
سوال:95%عورتوں کو جاہل کہا گیا آپ اس پر کیا کہیں گے ؟
میکال ذوالفقار:میں بالکل عورتوں کو جاہل نہیں کہوں گا بلکہ میں تو کہوں گا کہ عورتیں مردوں سے زیادہ سمجھدار ہوتی ہیں، وہ چیزوں کو مردوں سے زیادہ سمجھتی ہیں۔ اور مردوں کو تو مردوں سے بہت زیادہ سمجھتی ہیں۔باقی جتنے جاہل مرد ہیں اتنی ہی عورتیں بھی ہیں۔ ہمارا ملک جہالت سے بھرا پڑا ہے۔
سوال:آپ نے بہت سارے فنکاروں کے ساتھ کام کیا سب سے زیادہ مز ا کس کے ساتھ کام کرکے آیا ؟
میکال ذوالفقار: میں نے درفشاں ، ماہرہ خان ، مہوش حیات ، صبا قمر ، سونیا حسین و دیگر سینئر جونئیر میل فی میل فنکاروں کے ساتھ کام کیا۔بہت مزا آیا۔ میں نے جس بھی ٹیم کے ساتھ کام کیا کوشش کی کہ ان کے ساتھ اچھا تعلق بنا لوں کیونکہ ایک لمبے عرصے تک پراجیکٹ چلناہوتا ہے لہذا اچھے ماحول میں کام کرنے کو ترجیح دیتا ہوں۔
سوال:آپ کی اچھی اور بری کونسی عادات ہیں، ہمیں بتائیں گے ؟
میکال ذوالفقار:مجھ میں صبر بہت زیادہ ہے، چھ مہینے بھی بیٹھنا پڑے تو آرام سے بیٹھ جاؤں گا ،کئیرنگ ہوں ، سست بہت ہوں۔
سوال:ماڈلنگ سے اداکاری کی طرف کیسے آئے ؟
میکال ذوالفقار:میں نے کئی سال تک ماڈلنگ کی اور بہت مزا آیا لیکن ایک وقت آیا اور مجھے لگنے لگا کہ میں یہ کیا کررہا ہوں ، میں ایک بار ریمپ پر چل رہا تھا تو وہیں چلنے کے دوران خود سے سوا ل کیا کہ میں یہ کیا کررہا ہوں ، کچھ بھی اس میں چیلنجنگ نہیں ہے۔ اس کے بعد میں اداکاری کی طرف چلا گیا اور وہ کام مجھے چیلنجنگ لگا۔ لیکن میں نے ماڈلنگ اور اداکاری دونوں سے لطف اٹھایا۔
سوال:کچھ لوگ آ پ پر تنقید کرتے ہیں کہ آپ ایک ہی طرح کے حلیے میں نظرآتے ہیںکبھی میلہ سا غریب سا لڑکا دکھائی نہیں دیا کیوں؟
میکال ذوالفقار:میں نے کوشش کی بہت کہ ایسے کردار کروں جن میں میلا نظر آؤں لیکن ایسا ہو نہیں سکا ، کیونکہ مجھے جتنا بھی میلا کر لیا جائے میں میلا لگتا نہیں۔ ڈرامہ سیریل چوراہا میں میں نے ایک غنڈے کا کردار کیا میلا بنایا گیا مجھے اس میں لیکن جب میں نے خود کو سکرین پر دیکھا تو محسوس کیا کہ مجھے جتنا بھی میلا کر لو میں لگتا ہی نہیں ہوں۔