اسلام آباد (اپنے سٹاف رپو رٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کی بورڈ کے ذریعے انقلاب لانے والے عوام کے لئے کچھ نہیں کر سکتے، پختون قوم روایات کی امین ہے۔ ماں، بہن، بیٹی کے احترام کی پختون روایات صدیوں پر محیط ہیں، جلسے میں جو زبان استعمال کی وہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے عہدے کی توہین ہے۔ سٹیج پر کھڑے ہو کر خاتون کو للکارنے والا دہشت گردوں اور مجرموں سے ڈرتا ہے۔ پی ٹی آئی جلسہ میں لوگ خود نہیں نکلے، انہیں زبردستی لایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ گزشتہ روز یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پی کے میں اپنے12 سالہ دور اقتدار میں ایک بھی معیاری منصوبہ نہیں لگایا، منافقت کی سیاست ان کا وطیرہ رہی ہے۔ خیبر پی کے صوبہ ہمیں دل سے عزیز ہے، پختونوں کی دل سے عزت کرتے ہیں، پختون ہمارے بھائی ہیں لیکن وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور ان کے نام پر ایک دھبہ لگانا چاہتے ہیں۔ جلسہ گاہ بھرنے کے لئے سرکاری وسائل اور مشینری کا بے دریغ استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر تصادم ہی تصادم ہے۔ خیبر پی کے میں اندھیر نگری چوپٹ راج جیسا قانون رائج ہے، کمیشن مافیا سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ناکام جلسہ پوری قوم نے دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے ناکام جلسے کا غصہ مریم نواز اور اداروں پر نکالا، آپ ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، سنجیدگی اپنائیں، وزیراعلیٰ خیبر پی کے کمیشن لینے اور لوگوں کو عہدے سے ہٹانے میں مصروف ہیں، جو لوگ ان کی کرپشن کا حصہ نہیں بنتے، یہ انہیں عہدوں سے ہٹا دیتے ہیں۔ اب ٹائمز آف اسرائیل نے بھی واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات بہتر کر سکتا ہے تو وہ عمران خان ہے۔ اس سے ثابت ہو گیا کہ آپ گولڈ سمتھ کے برانڈڈ لابیسٹ ہیں، آپ اس لابی کا حصہ ہیں، ہم یہودی لابی کا سنتے تھے لیکن اب اسرائیل کے اخبار نے بھی کہہ دیا کہ یہ یہودی لابی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ کو کل کے جلسے میں ہونے والی خلاف ورزیوں کا ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کے حوالے سے ہفتے میں ایک بار میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔ کل ایک سابق صدر نے فیک تصاویر لگائیں اور پھر معذرت کی لیکن ان کی پارٹی کے لوگوں نے پرانی ویڈیوز لگا کر انقلاب برپا کرنے کی کوشش کی۔ میرا نہیں خیال کہ کبھی کی بورڈ سے بھی انقلاب آیا ہو‘ کی بورڈ کے انقلابی سارا دن جھوٹا پراپیگنڈا کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بنگلہ دیش کے شیخ مجیب سے اپنا موازنہ کرتے تھے، یہ بنیادی طور پر وقت پرست اور موقع پرست لوگ ہیں۔ ان کا جب دل کرے اداروں پر حملہ کرتے ہیں۔ صحافیوں کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ رہا ہے، صحافی کی کوئی سیاسی جماعت نہیں ہوتی، ان کے نظریات ہو سکتے ہیں، وہ کسی کو اچھے برے لگ سکتے ہیں۔ خواتین صحافیوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے جلسے میں جو بات کی گئی یہ پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے۔ حکومت نے تمام صحافیوں اور میڈیا اداروں کے ساتھ یکساں سلوک رکھا ہے۔ میڈیا انڈسٹری کے اشتہارات بند نہیں کئے، میڈیا ورکر کسی سیاسی پارٹی کا نہیں ہوتا، وہ روزی روٹی کمانے گھر سے نکلتا ہے، انہیں دھمکیاں دینے کی مذمت کرتے ہیں۔ امیر مقام نے کہا جلسے کیلئے جو وسائل استعمال کئے گئے انکی تحقیقات ہونی چاہئے۔ علی امین گنڈا پور کی کرپشن کے ان کے اپنے ہی وزیر گواہ ہیں۔
جلسہ کیلئے سرکاری مشینری کا استمال ہوا، پرانی ویڈیوز کی بورڈ ست سے انقلاب نہیں آتا : وفاقی وزرا
Sep 10, 2024