صد ر ، وزیراعظم کے عشائیے، کامظاہرہ ، شہباز شریف   کی قیادت پر اعتماد، آئینی ترامیم میں تعاون کرینگے اتحادی 

Sep 10, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، بجلی کے بلوں کے حوالے سے غریب اور کم  آمدنی والے طبقات کے لئے اقدامات، حکومتی حجم کم  کرنے اور خرچے میں کمی کے حوالے سے رائٹ سائزنگ اور ڈائون سائزنگ  کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ کل ایک سیاسی جماعت کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیے میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین سینٹ و قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی امور میں تعاون پر اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عشائیے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے،2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی  کا شکر ادا کرتا ہوں جس کے فضل کے طفیل ملک وقوم کے لئے بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہورہے ہیں۔ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی جو جدوجہد ہم نے اپریل2022 میں شروع کی تھی، اس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی کی ابتدا بھی ہوئی، ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ترقی کی جانب گامزن ہے، خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کر کے ہی دم لیں گے، شہبازشریف نے کہا کہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، بجلی کے بلوں کے حوالے سے غریب اور کم  آمدنی والے طبقات کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، حکومتی حجم کم  کرنے اور خرچے میں کمی کے حوالے سے رائٹ سائزنگ اور ڈائون سائزنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک  کو سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے۔ کل ایک سیاسی جماعت کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز نیحالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ اتحادی جماعتوں کے ارکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے چیئرپرسن سی ایم ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر ریٹائرڈ بابر علاؤالدین نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں نجی، سرکاری اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے وزیر اعظم کو پنجاب بھر میں کیے جانے والے دوروں اور مختلف محکموں اور اضلاع کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے عوام اور ملازمین کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی رپورٹ دی اور ان مسائل کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوابشاہ کے ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے پھاٹک پر اپنی جان کی بازی لگاتے ہوئے شالیمار ایکسپریس کو بڑے حادثے سے بچانے والے گیٹ کیپر مدد علی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

مزیدخبریں