دھمکی آمیز الفاظ، الزامات، صحافتی تنظیموں کا علی امین گنڈاپور سے معافی کا مطالبہ 

Sep 10, 2024

اسلام آباد؍ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر شیراز حسنات، نائب صدر امجد عثمانی، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور ارکان گورننگ باڈی، ایمنڈا سمیت صحافتی تنظیموں، عورت فاؤنڈیشن نے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے کا سنگجانی مویشی منڈی میں جلسے سے خطاب میں صحافیوں بارے غیر ذمہ دارانہ الفاظ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ علی امین گنڈا پور کو احساس ہونا چاہئے کہ وہ ایک اہم اور ذمہ دار عہدے پر فائز ہیںلیکن جلسے میں صحافیوں پر لگائے گئے الزامات اور خاتون صحافیوں بارے طنزیہ ریمارکس ان کی دماغی صحت پر سوالیہ نشان ہے۔ یہ کسی طور بھی مناسب نہیں کہ صحافی برادری کو الزام دیا جائے۔ انہیں چاہئے کہ جن صحافیوں کو پیسے دیتے ہیں یا جو صحافی بلیک میل کرتے ہیں ان کے نام سامنے لائیں ورنہ لاہور پریس کلب ہر فورم پر احتجاج کا حق استعمال کرے گا۔  گورننگ باڈی مطالبہ کرتی ہے کہ علی امین گنڈا پور اپنے الفاظ پر صحافیوں سے معافی مانگیں۔ صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور جب تک اپنے الفاظ پر معذرت نہیں کرتے لاہور میں علی امین گنڈا پور کی میڈیا کوریج کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور کسی صورت لاہور میں ان کی کسی تقریب کی میڈیا کوریج نہیں ہو نے دیں گے۔ جبکہ ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈا) نے اپنے ایک بیان میں کہا وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے عوامی جلسے میں صحافیوں سے متعلق انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب گفتگو کی، ان پر سنگین الزامات عائد کئے اور دھمکیاں دیں جو ناقابل برداشت ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا  تھا کہ پاکستان میں صحافی انتہائی نامساجد حالات میں اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ علی امین گنڈا پور کو ان نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہئے۔ دوسری جانب عورت فاؤنڈیشن نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور کی خواتین صحافیوں کیخلاف نازیبا الفاظ کی شدید مذمت کی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ کی زبان دھمکی آمیز تھی، اخلاقی گراوٹ کا ثبوت دیا۔ علی امین گنڈاپور نے سائبر کرائمز ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔ عورت فاؤنڈیشن نے وزیراعلیٰ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ ر اولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے وزیراعلیٰ کے صحافی برادری بالخصوص صحافیوں کیخلاف نازیبا زبان کی مذمت کی ہے۔ آر آئی یو جے نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں بانی پی ٹی آئی بھی میڈیا پر بلاجواز الزامات اور تنقید کرتے رہے۔ بانی پی ٹی آئی اب جیل میں اسی میڈیا کی تعریف اور میڈیا نمائندوں کی رسائی کی دہائیاں دیتے نظر آ رہے ہیں۔

مزیدخبریں