لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی حکومت نے لندن میں افغان سفارت خانے کو سفارتی مشن بند کرنے کی ہدایت کر دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے بارے میں برطانیہ میں تعینات افغانستان کے سفیر زلمی رسول کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں زلمی رسول نے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ افغانستان لندن میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے والا ہے اور 27 ستمبر 2024ء کو میزبان ملک کی درخواست پر اپنی سرگرمیاں بند کر دے گا۔ یہ بندش عبوری افغان طالبان حکومت کے حالیہ اعلان کے بعد کی گئی ہے جس میں 14 سفارت خانوں کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات کو غیر مؤثر قرار دیا گیا ہے، جس میں لندن کا ایک سفارتخانہ بھی شامل ہے۔ یہ درجنوں سفارت خانے اب بھی افغانستان کی سابق حکومت کے مقرر کردہ سفیروں کے ذریعے چلائے جاتے ہیں اور وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم نہ ہونے کی وجہ سے موجودہ طالبان حکومت کے احکامات پر عمل کرنے سے انکاری ہیں۔
لندن/ افغان سفارتخانہ