لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستان قومی زبان تحریک کے زیر اہتمام 8 ستمبر 2015 کو نفاذ اردو کے حوالے سے جسٹس جواد ایس خواجہ کے دیئے گئے فیصلے کی یاد میںیوم نفاذ اردو منایا گیا۔ لاہور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ ڈاکٹر شریف نظامی نے مظاہرین سے خطاب کرتے کہا کہ آئین پاکستان کی شق 251 ، سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ اور لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رضا قریشی کے فیصلوں کے مطابق اردو کو ہر سطح پر نافذ ہو جانا چاہئے تھا لیکن ابھی تک انگریزی کا تسلط قائم ہے۔اسے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی ہٹ دھرمی کے سوا اور کیا کہا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس کے باوجود نفاذ اردو کیلئے بھرپور جدو جہد جاری رکھی جائے گی۔ مظاہرین نے آئین ’’73 کا پیمان، اردو ہماری قومی زبان‘ قائدِ اعظم کا اعلان ، اْردو ہماری قومی زبان‘ اعلیٰ عدلیہ کا فرمان‘ اردو ہماری قومی زبان‘ انگریزی سرکاری ، نری خواری‘ انگریزی ہٹائو، اردو لائو کے پر جوش نعرے لگائے۔