پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی 30 ستمبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر جمشید دستی کے وکیل پیش ہوئے۔سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ جمشید دستی مظفر گڑھ سے قومی اسمبلی کے منتخب ممبر ہیں، ان کے خلاف مظفر گڑھ سٹی میں مقدمہ درج ہے، درخواست گزار کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔وکیل نے مزید کہا کہ درخواست گزار متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے۔عدالت عالیہ پشاور نے جمشید دستی کو 30 ستمبر تک راہداری ضمانت دیتے ہوئے درخواست گزار کو مقررہ وقت میں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے مظفر گڑھ میں درج مقدمے میں جمشید دستی کی راہداری ضمانت منظور کر لی
Sep 10, 2024