دمشق+غزہ + جنیوا (آئی این پی+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) صیہونی افواج کے حملوں میں اب تک شہری دفاع کے 83اہلکار شہید اور 200سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 33فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ جنوبی لبنان میں بھی 3 ایمرجنسی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب شام میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار کو رات گئے وسطی شام میں فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے وسطی غزہ میں متعدد دھماکے سنے گئے اور فضائی کارروائیاں دیکھنے میںآئیں جہاں طرطوس اور ہاما میں یہ حملے کیے گئے جن میں مرنے والے عام شہری ہیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ کے ادارے ' انروا' اور قطر ی ہلال احمر کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں، یہ معاہدہ غزہ کے ان فلسطینیوں سے متعلق ہے جو مقبوضہ مغربی کنارے میں پھنس کر رہ گئے ہیں، معاہدے کے تحت قطری ہلال احمر تقریباً 4400کی تعداد میں مقبوضہ مغربی کنارے میں پھنس کر رہ گئے غزہ کے رہنے والے مزدوروں اور مریضوں کے لیے ساڑھے چار ملین ڈالر کی رقم دے گا، یہ رقم ان فلسطینیوں پر خرچ کی جائے گی جو سات اکتوبر 2023 سے غزہ میں شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ کی وجہ سے آج تک مغربی کنارے سے غزہ واپس نہیں جا سکے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے فوج کو لبنان کے ساتھ سرحد پر شمالی اسرائیل کی صورت حال کو تبدیل کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ ایران کا مضبوط بازو ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمال میں ایسے حالات ہی جاری رہنا ناممکن ہے۔ ان حالات کو تبدیل کیا جائے گا۔