سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے پیر کو اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع راجوری میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے نوشہرہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا جبکہ سرینگر کے علاقے نورباغ میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں کم از کم تین رہائشی مکانات جل کر خاکسترہوگئے۔ آگ پیر کی صبح 7 بجے کے قریب شروع ہوئی جس میں تین رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔دوسری جانب جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد ریاستی اسمبلی کے انتخابات کروا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کو روکیں۔محمود ساغر نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک خط میں نریندر مودی کی زیرقیادت بھارت کی نسل پرست حکومت کی طرف سے 2019میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعدعلاقے میں بنیادی آزادیوں اور شہری حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کیا ۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کو کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرنے اور تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے پر آمادہ کرے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی جیلوں میں بند کشمیری سیاسی رہنمائوں اور نوجوانوں کی حالت زار پر شدیدتشویش کااظہارکرتے ہوئے ان کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں کی آواز کو دبانے کے لئے بھارتی حکومت کے مذموم ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ طاقت کا وحشیانہ استعمال حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔
مقبوضہ کشمیر : محاصر تلاشی کا رروئیا ں جاری ، مزید 2نوجوان شہید
Sep 10, 2024