لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ معاہدے کو ایک ماہ ہوچکا ہے، وزیر داخلہ نے منصورہ آکر پیش رفت سے آگاہ کرنے کا اعلان کیا ہے، ہمیں اعلانات نہیں عملی اقدامات اور عوامی مسائل کا حل چاہیے، ہم مشاورت کر رہے ہیں۔ پہلے ہم نے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی تھی، اب ہڑتال ایک نہیں بلکہ کئی ہڑتالیں ہوسکتی ہیں اور لانگ مارچ و پہیہ جام ہڑتال کے آپشنز بھی موجود ہیں، آئی پی پیز سے ہونے والے مذاکرات اور عوام دشمن و ظالمانہ معاہدوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں، شہر کراچی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، پورا شہر کچرا زدہ بنا ہوا ہے، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، پیپلز پارٹی نے تمام اختیارات اپنے پاس مرتکز کئے ہوئے ہیں، ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار اور بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لیے پورے پاکستان کی بنیاد پر عدالتوں سے رجوع کرے گی۔ جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم جاری ہے، پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر بلدیہ عظمیٰ کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ، سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، ڈپٹی سکریٹری کراچی قاضی صدر الدین، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری، پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکرٹری نجیب ایوبی، نائب صدر عمران شاہد ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشکول لے کر گھومنے والے حکمرانوں میں صلاحیت نہیں کہ وہ دنیا کے سامنے عزت و وقار کے ساتھ پاکستانیوں کا مقدمہ پیش کرسکیں، ن لیگ، پیپلز پارٹی، ق لیگ اور پی ٹی آئی سب نے ان آئی پی پیز کو فیور دیا، کیونکہ آئی پی پیز مالکان کے اہم نام ان پارٹیوں میں شامل ہوتے تھے یا ان کے سپانسر تھے، جس کے نتیجے میں ان آئی پی پیز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوسکی، اب نکلنے کا راستہ یہی ہے کہ ان کو لگا م دی جائے، جو عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدے کئے گئے تھے، ان کے معاہدے کرنے والوں اور کروانے والوں کو سب کو بے نقاب کیا جائے۔ ہم چائنہ کے ساتھ بات کرسکتے ہیں ان کو قائل کرسکتے ہے، کیونکہ چائنہ پاکستان کا سٹرٹیجک پارٹنر ہے وہ ضرور تعاون کرے گا۔
آئی پی پیز معاہدے کرنے اور کرانے کو بے نقاب کیا جائے: حافظ نعیم
Sep 10, 2024