اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس وٹیکنالوجی نے بھنگ کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی بل منظور کر لیا۔سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس وٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں بھنگ کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی بل منظور کر لیا گیا۔بل کے تحت ملک میں بھنگ ریگولیٹری اینڈ کنٹرول اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ سیکرٹری دفاع بھنگ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز یا صوبوں کے نامزد کردہ گریڈ بیس کے افسران اتھارٹی کے ممبر ہونگے، کابینہ ڈویڑن، فوڈ اینڈ سیکیورٹی، سیکرٹری قانون وانصاف اتھارٹی کے ممبر ہونگے۔سینیٹ اور قومی اسمبلی سے دوممبران شامل ہوں گے جنہیں اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نامزد کرینگے۔ اتھارٹی بھنگ کی کاشت کے لائسنس جاری کرے گی۔