حکومت پاکستان کی جانب سے رکن کانگریس الیگزینڈر این گرین کو ستارہ خد مت کے اعزاز سے نوازا گیا۔

Sep 10, 2024 | 12:04

امریکہ میں پاکستانی  سفیر رضوان سعید شیخ نے   حکومت پاکستان کی جانب سے  رکن  کانگریس  الیگزینڈر این گرین کو  ستارہ خد مت  کے اعزاز  سے نوازا ہے  ۔  یہ اعزاز ان کو پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے ،  پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے اور اسلامو فوبیا  کے حوالے سے ان کی خدمات  کے اعتراف میں عطا کیا گیا ہے ۔پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی میں  منعقدہ  اس خصوصی   تقریب میں کانگریس مین رینڈی ویبر،   رکن کانگریس  ہنری سیلر، سابق رکن کانگریس نک لیمپسن، ٹیکساس اسٹیٹ کے نمائندے سلیمان لالانی، سفارتکاروں اور ٹیکساس  اور ڈی ایم سی  سے تعلق رکھنے والے   پاکستانی امریکن کمیونٹی کے سرکردہ افراد شریک تھے۔  سفیر  پاکستان  رضوان سعید شیخ نے اپنے  کلمات میں کہا کہ ہم آج یہاں ایک غیر معمولی شخصیت  کی خدمات کے اعتراف میں  جمع ہوئے ہیں جس کی بدولت   پاکستان اور امریکہ کے تعلقات نمایاں طور پر مستحکم ہوئے ہیں۔  انہوں نے رکن کانگریس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا  کہ  مختلف فورمز پر پاکستان کے مثبت امیج کو فروغ دینے کے لیے آپ کی انتھک کوششوں نے یقینا ہمارے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد رکن کانگریس  کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے سفیر  پاکستان  نے کہا کہ ال   گرین نے نہ صرف مشکل ترین وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کا سفر کیا بلکہ انہوں نے واپسی پر  پاکستان کی بروقت مدد کے لئے کانگریس میں بھرپور وکالت کی۔. انہوں نے کہا کہ  رکن کانگریس نے   اس  مشکل وقت میں    امیر ممالک کے سامنے پاکستان  کی معاونت  کے لئے   آواز اٹھا ئی  جو     انصاف اور مساوات کے   لیے     ان  کی حقیقی تشویش کا  مظہر ہے ۔رکن  کانگریس نے  پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے  کہا کہ وہ ا س اعزاز کو   دو عظیم اقوام کے درمیان  دوستی  کے رشتے کا  تسلسل سمجھتے ہیں۔ اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں  پاکستان اس لئے   گیا تھا   کیونکہ پاکستان کو   ضرورت تھی اور پاکستان کے لوگ، جنہیں میں اپنے خاندان کا حصہ سمجھتا ہوں، تکلیف میں تھے ۔پاکستانی معاشرے کے بارے میں  اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے   رکن  کانگریس ال   گرین نے کہا کہ ہمیں پاکستانی اور امریکہ کے  عوام   کے درمیان کسی بھی قسم کی رکاوٹ  کو حائل نہیں ہونے  دینا چاہیے۔  انہوں نے کہا کہ   ہمارے درمیان بہت زیادہ مشترکات ہیں اور ایک دوسرے کے لیے ہماری ضروریات بہت زیادہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ   میری یہ   خواہش ہے کہ ہم عوامی تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔ رکن کانگریس  کی     انسانی ہمدردی کے حوالے   سے خدمات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ  سفیر پاکستان نے خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بھی ان کی   گرانقدر خدمات اور پاکستان انڈیورنگ اسسٹنس اینڈ کوآپریشن اینہانسمنٹ ایکٹ 2009 جیسے اہم قانون سازی کے اقدامات کے لیے ان کی خدمات کو   سراہا۔سفیر پاکستان  نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ نظریات پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے امن کو فروغ دینے، اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متعدد محاذوں پر تعاون کیا ہے۔سفیر  پاکستان  نے کہا کہ   ہمارے عوام کے  مضبوط روابط ہماری شراکت داری کی  طاقت   ہیں    اور کانگریس مین ال گرین نے اس اہم  بندھن   کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے

مزیدخبریں