راولپنڈی(جنرل رپورٹر)چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان نے امتحان میٹرک سیکنڈ اینول 2024 کے سلسلہ میں گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج اصغر مال راولپنڈی کا دورہ کیا،انہوں نے کہا وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق اور حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری شدہ زیروٹارلینس پالیسی کی بدولت پرامن اور شفاف انداز میں امتحان منعقد ہو رہا ہے۔ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مذکورہ امتحان میں بوٹی مافیا کو شکستِ فاش دی۔ تمام امتحانی عملہ اپنی ڈیوٹی بااحسن طریقے سے سرانجام دے رہاہے۔ شاملِ امتحان امیدواران کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اسپیشل برانچ روزانہ کی بنیاد پر تمام امتحانی عملے کی نگرانی کر کے خفیہ رپورٹس بورڈ کو ارسال کر رہی ہے،کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1حضرو اور گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فار گرلز حضرو کا دورہ کیا انہوں نے امیدواران کی رولنمبر سلپس، روشنی کے انتظامات، سی سی ٹی وی کیمرے چیک کئے۔ تمام امیدواران کی جامع اور مکمل تلاشی لی گئی اورتمام امیدواران کی تصاویر کو ایس۔ ایف 15-کے ساتھ موازنہ کیا گیااور درست قرار دیا گیا۔ امتحانی عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا۔