نجی تعلیمی شعبے کی گرانقدر خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، قمر الاسلام راجہ

راولپنڈی (جنرل رپورٹر+سٹاف رپورٹر)نجی تعلیمی شعبے کی گرانقدر خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ان تعلیمی اداروں نے حکومت کا بہت بڑا بوجھ اٹھایا ہوا ہے۔ تربیت یافتہ اور جدید طریقہ تدریس سے واقف اساتذہ  معیاری تعلیم کی فراہمی میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چئیرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی و ممبر قومی اسمبلی انجینئر قمر الاسلام راجہ نے ایپسما خواتین ونگ اور راولپنڈی گرامر سکول سکیم 3 کے اشتراک سے منعقدہ  ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ٹریننگ ورکشاپ میں مختلف تعلیمی اداروں کے 45 کے قریب اساتذہ نے شرکت کی۔  اپیسما شمالی پنجاب کے صدر و ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی ابرار احمد خان، راولپنڈی گرامر سکول کی سربراہ اور معروف ماہر تعلیم مسز نسرین اقبال ، پاکستان میں 24 سال سے بطور سوشل سائنٹسٹ اور کالم نگار کام کرنے والی شخصیت ایٹلی ہیٹلینڈ نے بھی شرکت کی ۔ انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ 25 کروڑ کی آبادی والے ملک میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے حکومت کو کثیر فنڈز کی ضرورت ہے اور اس کام کو نجی شعبہ خوش اسلوبی سے سر انجام دے رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ کرام ہی اس ملک کی آخری امید ہیں جنھوں نے اپنے کردار و عمل اور اخلاص کے جذبے سے اس وطن کی نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ ابرار احمد خان نے اپنے خطاب میں مسز نسرین اقبال کی علمی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور انجینئر قمر الاسلام راجہ کی علم دوست رویے کی تعریف کی اور تعلیم کے لیے ماضی میں بطور چئیرمین پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن  کی حیثیت میں انقلابی اقدامات کو بیان کیا ۔ انجینئر قمر الاسلام راجہ نے تقریب کے اختتام پر ٹرینینگ ورکشاپ کے شرکا  میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئیے۔

ای پیپر دی نیشن