موٹرویز اور جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر مواصلات و نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے موٹرویز جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام اور زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لئے اہم اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے وزارت مواصلات سے قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کا روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا طلب کر لیا ہے۔ آج یہاں اسلام آباد میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس تجویز پر غور کیا گیا کہ بالخصوص موٹرویز پر زخمی مسافروں کو 1122 کی ایمرجنسی سروسز کے علاوہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی ہسپتالوں میں فوری طور پر منتقل کیا جائے تاکہ کم سے کم وقت میں طبی امدادکی فراہمی سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان سمیت دیگر افسران نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی جس پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے لیے موٹرویز اور جی ٹی روڈ کو زیادہ سے زیادہ محفوظ ہونا چاہیے جس کے لئے ضروری ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کوشارٹ اور لانگ ٹرم پالیسیوں پر عمل کرنا ہوگا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے سے مالی استحکام کے لئے آئندہ 5 برسوں کا ایکشن پلان بھی طلب کر تے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی سرکاری فنڈز کے بے دریغ استعمال کی بجائے صرف قابل عمل منصوبوں پر کام کرے۔انہوں نے این ایچ اے کو نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کی تیاری کا ٹاسک بھی سونپ دیا، اسی طرح این ایچ اے موٹروے پر ہر ٹرک اور ٹرالے کی ویڈیو سرویلنس یقینی بنا نے کی ہدایت کی جبکہ دیگر شاہرات کی جی ٹی روڈ پر بھی ایکسل لوڈ کا نفاذ عمل میں لایا جائے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ فرائٹ اینڈ لاجسٹک پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور کہیں کوئی سفارش یا کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی

ای پیپر دی نیشن