سپریم کورٹ ایکٹ 1997ء میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے دوران سپریم کورٹ ایکٹ 1997میں ترمیم کا بل پیش کیا گیا، مزکورہ بل مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی دانیال چوہدری نے پیش کیا، اس بل کا مقصد سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد میں اضافہ ہے، اسی لیے بل میں ججز کی تعداد 17سے بڑھا کر 23 کرنے کی تجویز دی گئی ہے، بل مزید کارروائی کے لیے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ ترمیم کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنی حکمت عملی کے تحت حکومتی اتحاد کے نمبر گیم پورے ہونے کا دعویٰ کیا ہے، اہم قانون سازی اور ترامیم کے حوالے سے ایوان صدر اور وزیر اعظم ہاؤس متحرک دکھائی دیئے، حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین کو عشائیے کی دعوت دی گئی، وزیراعظم شہباز شریف کے عشائیے میں مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور ضیاء لیگ کے اراکین شریک ہوئے، وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی اور موجودہ صورتحال پر اراکین پارلیمنٹ کو آن بورڈ لیا۔