کوئٹہ میں ہونے والی علماء و مشائخ کنونشن میں شرکاء نے مسلم امہ کے اتحاد کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بیوٹمز یونیورسٹی کے مارخور آڈیٹوریم میں آل بلوچستان علماء و مشائخ کنونشن کا انعقاد ہوا۔علماء و مشائخ کنونشن میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالد اچکزئی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔کنونشن میں مولانا محمد طیب، مولانا عبدالغفور، پیر محمد فرید الدین، مولانا محمد اسماعیل، ابو لخیر زبیر بریلوی اور علامہ شبیر حسن میثمی سمیت بلوچستان کے نامور علماء کرام نے شرکت کی۔دیگر شرکاء میں صوبائی وزیر صادق عمرانی، ممبران صوبائی اسمبلی مینا مجید اور عبد المجید بادینی، اور وزیر اعلیٰ کے مشیر حاجی نسیم الرحمان بھی شامل تھے۔ شرکاء نے وطن عزیز میں امن قائم کرنے میں کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا اور قیام امن اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر اتفاق کیا۔کنونشن میں مسلم امہ کے اتحاد کے لیے کام کرنے کا عہد کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ ملک کے جملہ مسائل کا حل صرف قرآن و سنت میں ہے۔شرکاء نے ناموس رسالت اور ناموس صحابہ کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی اپیل کرتے ہوئے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے متعلق اجتماعات کا انعقاد کرنے پر اتفاق کیا۔کنونشن میں بین الصوبائی اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا گیا۔