پولینڈ کے صدر لیخ کازنسکی ، ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سرکاری عہدے داروں کی فضائی حادثے میں موت کے بعد پورا ملک سوگ میں ڈوبا ہوا ہے

پولینڈ کے صدر لیخ کازنسکی کی میت دارالحکومت وارسا پہنچی تو صدراتی محل لے جانے سے قبل اسے مکمل فوجی اعزاز دیا گیا ۔ ائرپورٹ پر وزیراعظم اور نگران صدر مرنے والوں کی میتیں وصول کرنے کے لیے موجود تھے جبکہ صدراتی محل کے باہربھی لاتعداد لوگ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے۔
محل کے باہر مرنیوالوں کی یاد میں پھول رکھے گئے ہیں اورموم بتیاں روشن کی جا رہی ہیں۔ پولش حکومت نے سانحے پر ملک بھر میں سات روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کو ملک کے گرجا گھروں میں بھی سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ادھر روس میں بھی جائے حادثہ پر پھول رکھ کر صدر اور ان کے ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پولش اور روسی حکام نے مشترکہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیمیں جائے حادثہ پر ثبوت اکھٹے کرنے میں مصروف ہیں۔ روسی وزیراعظم پوٹن نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور حادثے پررنج کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن