”14 روز میں معافی مانگیں“ نواز اور شہباز شریف کے یونس حبیب کو 10,10 ارب روپے ہرجانہ کے نوٹس

Apr 11, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف اور شہباز شریف کے وکیل نے مہران بنک کے سابق سربراہ یونس حبیب کو ہتک عزت کے قانون کے تحت 10، 10 ارب روپے کے قانونی نوٹس بھجوا دئیے، نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ یونس حبیب نے نوازشریف اور محمد شہباز شریف کی سیاسی و سماجی حیثیت کو نقصان پہنچانے کے لئے من گھڑت الزامات کا سہارا لیا۔ معروف قانونی فرم کارنیلس، لین اینڈ مفتی ایڈووکیٹس اینڈ سولسٹرز کی وساطت سے بھجوائے گئے نوٹسز کے مطابق نوازشریف اور شہباز شریف ملک کی باعزت شخصیات ہیں جنہوں نے دو دو مرتبہ وزیر اعلیٰ کے طور پر اور اول الذکر نے دو مرتبہ وزیراعظم کی حیثیت سے بھی ملکی خدمات سرانجام دی ہیں۔ نوازشریف اور شہباز شریف نے اپنے دور اقتدار میں قانون کی حکمرانی، ملکی خودمختاری کو یقینی بنانے اور قومی معیشت کے استحکام کے لئے بھرپور اقدامات کئے اور تمام وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لائے۔ یونس حبیب نے نوازشریف اور شہباز شریف کی سیاسی اور سماجی شہرت کو نقصان پہنچانے کے لئے ان پر جھوٹے الزامات لگا کر ان کا میڈیا ٹرائل کرنے کی کوشش کی ہے۔ قانونی نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ یونس حبیب نے میڈیا پر متضاد بیانات دئیے اور بار بار اپنا م¶قف تبدیل کیا جو ان کے جھوٹا ہونے کی دلیل ہے۔ یونس حبیب نوٹسز کی وصولی کے 14 دن کے اندر میڈیا میں نوازشریف اور شہباز شریف پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف ہتک عزت کے قانون کے تحت 10، 10 ارب روپے کے دعوے دائر کر دئیے جائیں گے۔
مزیدخبریں