اسلام آباد + قصور (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگاران) ٹیوب ویلوں کے فلیٹ ریٹس کے نوٹیفکیشن پر عمل نہ ہونے اور بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف قصور، بہاولپور، حاصل پور، دیپالپور، چیچہ وطنی اور عارفوالا میں ہزاروں کسانوں نے زبردست مظاہرے کئے، ریلیاں نکالیں اور دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کر دیں جس سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں۔ دیپالپور میں مظاہرین نے ایکسیئن آفس پر دھاوا بول کر املاک کو نقصان پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق دیپالپور میں ہزاروں کسانوں نے رےلی نکالی اور اےکسےئن واپڈا کے دفتر مےں داخل ہوئے سےنکڑوں مظاہرےن نے لاٹھےوں اور پتھروں سے شےشے توڑ ڈالے سرکاری املاک کو نقصان پہنچاےا۔ عارفوالا میں پاکستان کسان اتحاد نے دھرنا دیا۔ دھرنے کی وجہ سے عارف والا کا رابطہ بہاولنگر، ملتان، پاکپتن، ساہیوال اور لاہور سے منقطع ہو گیا، سکولوں کے بچے گھروں کو واپس جانے کی بجائے سکولوں میں قید ہو کر رہ گئے جبکہ مسافر بسوں میں قید ہو کر رہ گئے۔ بہاولپور میں پاکستان کسان اتحاد بہاولپور کے زیر اہتمام کسانوں نے ستلج دریا کے پل پر دھرنا دیتے ہوئے روڈ بلاک کر دی جس سے لاہور کراچی کی مین شاہراہ پوری طرح بلاک ہو گئی جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ حاصل پور میں کسانوں نے ہیڈ اسلام پل پر تمام ٹریفک بلاک کر کے مظاہرہ کیا جس سے تین گھنٹے تک ٹریفک بلاک کر دی۔ چیچہ وطنی میں بھی سینکڑوں کسانوں نے دھرنا دیا جس سے کئی گھنٹے چیچہ وطنی کا فیصل آباد سے زمینی رابطہ منقطع رہا۔ وہاڑی میں ہزاروںکسانوں اور آڑھتیوں نے حکومت کے خلاف وی چوک پر ڈنڈا بردار جلوس احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔ کسانوں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے وہاڑی کو آنے والے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر دئیے، مشتعل لوگوں نے میپکو آفس کا گھیراﺅ کیا اور پتھراﺅ بھی کیا اور کراچی سے لاہور جانے والے ٹرین کو بھی روکنے کی کوشش کی لیکن اس ہاتھا پائی میں ڈنڈوں اور سوٹوں کا بلادریغ استعمال کیا گیا جس میں متعدد لوگ زخمی بھی ہوئے۔ صدر گوگیرہ سے این این آئی کے مطابق ہزاروں کسانوں نے بجلی کے طے شدہ فلیٹ ریٹ نہ دئیے جانے پر غیر معینہ مدت تک کے لئے احتجاج کرنے کا پرگورام ڈی سی او اور ڈی پی او اوکاڑہ کی جانب سے دو دن کی مہلت لئے جانے کے باعث م¶خر کر دیا گیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق انجمن کاشتکاران ضلع قصور کے عہدیداروں نے جلوس نکالا جس بڑی تعداد میں کاشتکاروں، زمینداروں اور دیہات کے لوگوں نے شرکت کی، ٹرالیوں، ٹریکٹروں، موٹر سائیکلوں پر زمیندار بڑی تعداد میں موڑ کمال چشتی سے ہوتے ہوئے ضلع کچہری اور پھر چوک کچہری پٹرول پمپ پر پہنچے۔ اس موقع پر ریلی میں انجمن کاشتکاران کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ ان کے علاوہ ہزاروں لوگ شامل تھے، مظاہرین نے مشتعل ہو کر ایک ٹیوٹا گاڑی کو بھی آگ لگا دی، جلوس کے شرکا نے واپڈا آفسز کا بھی گھیراﺅ کیا اور وہاں پر احتجاجی کیمپ لگا دیا گیا۔
گوجرانوالہ+ حافظ آباد (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف گذشتہ روز بھی ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ صدر زرداری نے لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا اور فوری طور پر 30ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیدیا جبکہ واپڈا نے لوڈشیڈنگ کا شیڈول اخبارات میں دینے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں شہری علاقوں میں 18 سے 20 جبکہ دیہاتی علاقوں میں 20 سے 22 گھنٹوں لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں، اس بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف علماءتاجر کونسل کے زیراہتمام گوندلانوالہ چوک سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نامور عالم دین مولانا زاہد الراشدی‘ حاجی نذیر جموں والے‘مولانا محمد مشتاق چیمہ‘ بابر رضوان باجوہ‘ ملک محمد بوٹا‘ میاں محمد اکرم‘ میاں فضل الرحمن ودیگر نے کی رےلی جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی گیپکو آفس پہنچی جہاں مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور دھرنا دیا۔ نارنگ منڈی و گردونواح میں بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے تحریک منہاج القرآن کے صوبائی صدر میاں شفاعت علی اور اعظم علی باجوہ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ایک/آدھا گھنٹہ لائٹ آنے کے بعد مسلسل 6,6گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ہے جبکہ کاروباری حضرات سارا سارا دن اپنی دکانوں پر فارغ بیٹھے بجلی کا انتظار کرتے بغیر کوئی کام کئے مایوس گھروں کو لوٹ جاتے ہیں۔ جنڈیالہ شیر خان، منڈی جھبراں اور اسکے گردونواح میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سراپا احتجاج بن گئی، کاروباری زندگی مفلوج ہونے کے ساتھ ساتھ گھریلو صارفین کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا۔ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں بجلی کی اٹھارہ،اٹھارہ گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا۔ جس سے شہریوں کے ساتھ ساتھ مزدور اور تاجر بھی پریشان رہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق صدر زرداری نے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صدر آصف زرداری نے فوری طور پر 30ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد تک لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے اقدامات کئے جائیں، دنیا کی نظریں پاکستان کے انتخابات پر ہیں۔ الیکشن جیتیں یا ہاریں کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں دیں گے۔ آئندہ انتخابات پاکستان کو استحکام کی منزل تک پہنچانے میں معاون ہوں گے۔دریں اثنا پنجاب سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بد ترین لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں ناکامی پر چیئر مین واپڈا سے پاور سیکٹر کے اختیارات واپس لے لئے گئے۔ذرائع کے مطابق بدھ کے روز وزارت پانی و بجلی نے چیئر مین واپڈا سے اختیارات واپس لینے کے فیصلے کے بعدپاور سیکٹر کے تمام معاملات کی نگرانی خود کرنیکا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئر مین واپڈا بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں ناکام رہے جسکی وجہ سے ان سے اختیارات واپس لئے گئے اور یہ فیصلہ نگران وزیراعظم کی ہدایت پر کیا گیا اور اب تمام پاور کمپنیوں کو وزارت پاور کو جوابدہ ہونا پڑیگا اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
لوڈشیڈنگ