اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی+ ثنا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اور نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ملاقات کی۔ گورنر اور نگران وزیراعلیٰ نے صدر کوصوبہ پنجاب میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے مختلف اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر کو صوبہ میں امن و امان اور مجموعی صورتحال کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ صدر نے پنجاب کی نگران حکومت پر زور دیا کہ وہ صوبہ میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے ہرممکنہ اقدامات کرے اور امید ظاہر کی کہ وہ اس ضمن میں عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ ثنا نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شفاف انتخابات کے حوالے سے قوم کی ا±منگوں اور احساسات پر پورا اتریں گے ۔ عوامی اعتماد اور جذبات کو مجروح ہونے دیں گے نہ کسی اور کے ہاتھوں عوامی خواہشات کو ٹھیس پہنچنے دیں گے۔ ملاقات مےں عام انتخابات، صوبے میں امن و امان کی صورت حال، سازگار انتخابی ماحول کے بارے مےں ممکنہ اقدامات، آزادانہ انتخابی سرگرمیوں سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت سمیت دیگر صوبائی حکومتیں صاف شفاف انتخابات کے بارے میں عوامی توقعات پر پوری اتریں گی۔ وفاق کو منصفانہ انتخابات کے بارے میں عوامی امنگوں کا پورا ادراک ہے۔ عوامی احساسات کو زک نہیں پہنچنے دیں گے۔ پرامید ہیں کہ صاف شفاف انتخابات کے لئے پنجاب میں بھی موثر اقدامات کئے جائیں گے۔ گورنر اور نگراں وزیر اعلیٰ نے صدر کو پنجاب میں امن و امان کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔ صدر نے گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کو ظہرانہ بھی دیا۔
زرداری