اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ایٹمی وار ہیڈ داغنے والے میزائل ”شاہین ون“ کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ٹھوس ایندھن سے چلنے والا یہ میزائل سرعت سے اور میزائل شکن نظاموں سے بچ کر مطلوبہ اہداف کو ایٹمی اور روائتی ہتھیاروں سے نشانہ بنانے کی استعداد رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بیلسٹک میزائل حتف IV شاہین ون کا بدھ کی صبح تجربہ کیا گیا۔ میزائل شاہین ون نو سو کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس بار تجربہ کے دوران میزائل کا ہدف سمندر میں تھا۔ تجربہ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلان ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد قدوائی، چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی، اعلیٰ عسکری قیادت اور انجینئرز موجود تھے۔ خالد قدوائی نے کہا پاکستانی سائنسدانوں اور ماہرین کی مشترکہ کاوشوں سے تیار کردہ میزائل دفاع وطن کے شعبہ میں قابل قدر اضافہ ہے۔ انہوں نے اس کامیاب تجربہ پر ماہرین کو مبارکباد دی۔ یہ امر قابل ذکر ہے بھارت نے بھی چند روز پہلے دو ہزار کلومیٹر کی رینج کے حامل میزائل اگنی دوم کا تجربہ کیا ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق صدر زرداری اور نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے بھی کامیاب میزائل تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔
میزائل تجربہ