کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ عناصر ملک میں الیکشن کا التوا چاہتے ہیں، یہ عناصر وہی ہیں جنہوں نے 1990ءمیں انتخابات کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی، پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ مل کر انتخابات کو ملتوی کرنے کے لئے کی جانے والی تمام سازشوں کو ناکام بنادے گی اور آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کی جائے گی۔ وہ بدھ کو پیپلز پارٹی کراچی میڈیا سیل میں ویڈیو لنک پر پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماﺅں اور سابق وزراءاعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور میاں منظور احمد وٹو سے گفتگو کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ان رہنماﺅں سے ملک کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات خصوصاً پنجاب میں پیپلز پارٹی کی انتخابی حکمت عملی اور مختلف جماعتوں سے ہونے والی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بےنظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی او رجمہوریت کے استحکام کےلئے مزید کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت عوام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں کی گئیں، اب بھی سازشیں کی جارہی ہیں لیکن یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
90ءکے انتخابات ہائی جیک کرنیوالے آج التوا چاہتے ہیں: بلاول
Apr 11, 2013