بلوچستان اور اسلام آباد میں دھماکے وطن عزیز پر مسلط کردہ جنگ کا حصہ ہیں: حافظ سعید

Apr 11, 2014

جہلم + گوجرانوالہ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) جماعۃالدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے  بیرونی قوتوں نے تخریب کاری و دہشت گردی کیلئے پاکستان کو خصوصی ہدف بنا رکھا ہے، بلوچستان اور اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے وطن عزیز پر مسلط کردہ جنگ کا حصہ ہیں، ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے اسلام دشمن قوتوں کی مداخلت ختم کرنا انتہائی ضرور ی ہے، جنگیں صرف فوجیں نہیں بلکہ قومیں لڑاکرتی ہیں، پاکستان کو درپیش مسائل کے حل اور بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، احیائے نظریہ پاکستان مہم ملک گیر سطح پر جاری ہے، نظریہ پاکستان کانفرنسوں، جلسوں اور سیمینارز کا سلسلہ مزید وسیع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام میجر اکرم شہید پارک میں نظریہ پاکستان کانفرنس کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، مولانا نصر جاوید، مولانا احسان الحق شہباز، حافظ عبدالغفار و دیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں شہر اور اس کے گردونواح سے مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی، شرکاء میں زبردست جو ش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔ مقررین کے خطابات کے دوران پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کے نعرے لگائے جاتے رہے۔ حافظ سعید نے کہا فرقہ واریت اُمت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے، امت کا وجود مستحکم کرنے کیلئے اس ناسورسے نجات حاصل کرنا بہت ضروری ہے، پاکستان لاالہ الااللہ کی جاگیر ملک ہے، مسلمان قرآن و سنت کا پرچم تھام لیں تو فرقہ واریت ختم ہو جائے گی،جماعۃ الدعوۃ اسی مقصد کے تحت پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر میں احیائے نظریہ پاکستان مہم جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ لسانی جھگڑوں اور فرقہ واریت ختم کر کے ایک بار پھر قوم میں وہی جذبے پیداکئے جاسکیں جو قیام پاکستان سے قبل مسلمانوں میں تھے۔حافظ محمد سعید نے کہااُمت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہو جائے، عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے، اغیار کی غلامی سے نکلے بغیر خطوں و ملکوں کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔ بھارت آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے اس مذموم منصوبہ میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ قرآن ہر دور اور ہر قسم کے حالات میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے لیکن افسوسناک امر ہے ہم نے اسلام کو نماز، روزہ تک محدود کر رکھاہے قومی و بین الاقوامی سطح کے معاملات میں اسلامی تعلیمات سے رہنمائی نہیں لی جاتی، مسلم حکمرانوں کی ذمہ داری مسلمانوں کو اللہ کے دین پر جمع کرنا ہے اگر ہم ایسا کریں گے تو ہر حال میں اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہو گی۔ مولانا سیف اللہ خالد نے کہا بیرونی قوتیں مسلمانوں کو علاقائیت اور زبانوں کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتی ہیں اسی بنیاد پر سندھ، بلوچستان اور دیگر خطوں میں علیحدگی کی تحریکیں کھڑی کرنے اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے  فرقہ واریت اور گروہ بندیوں کے سلسلے ترک کئے جائیں۔قبل ازیں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید، مولانا احسان الحق شہباز، حافظ عبدالغفار و دیگرنے کہا مسلمانوں کے معاشرے لاالہ الااللہ کی بنیاد پر تشکیل پاتے ہیں، نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے صحیح طور پر آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔لاہور سے این این آئی کے مطابق حافظ محمد سعید نے کہا بلوچستان‘ سندھ اور ملک کے دیگر حصوں میں تخریب کاری و دہشت گردی میں انڈیا کے ملوث ہونے کی باتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ جب پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاسوں میں یہ سب کچھ تسلیم کیا جاتا ہے تو  پھر ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں اور اس کے گھنائونے کردار کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہئے۔ اس پر کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہئے۔  اسلام دشمن قوتوں کے خلاف جہاد درست سمت کی طرف گامزن ہے جہاد کی برکت سے روس کا ستیاناس، امریکی معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا۔ اب بھارت کی باری ہے۔ بھارتیوں پر مجاہدین اسلام کا لرزہ طاری ہے جہاد تمام مسلمانوں پر فرض کیا گیا ہے۔ قرآن وحدیث کا علم سب کو ہے ایمان کے بغیر عمل نامکمل ہے فرقہ واریت، پارٹیاں اور ہمارا نصاب جہاد کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد سعید نے کوٹ شاہاں میں مقبوضہ کشمیر میں جام شہادت نوش کرنے والے نوجوان ابو دائود محمد عرفان کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اسلام آباد کی سبزی منڈی میں ہونے والے بم دھماکہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ہی مسلمان بھائیوں کے قتل عام کو جہاد قرار دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے عرفان شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بھارتی درندوں کو واصل جہنم کرنے والے ایسے نوجوان عظیم درجہ رکھتے ہیں اور اپنے والدین کیلئے سرمایہ آخرت بن جاتے ہیں۔ قبل ازیں عرفان شہید کے والد محمد یاسین مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا انہیں اپنے لخت جگر کی شہادت پر ناز ہے۔

مزیدخبریں