لاہور (خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے اداروں کے وقار کے حوالے سے جو بات کی ہے وہ ٹھیک ہے۔ کچھ تجزیہ کار اپنی دکان چمکانے کے لیے اس کا غلط مطلب نکال رہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ فوج اور حکومت کے درمیان خلیج والی بات غلط اور بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کے سربراہ نے جو بات کی وہ جائز ہے اس کا غلط مطلب نہیں نکالنا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوج کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے۔ سابق صدر مشرف کے وکلاء نے غداری کیس کو احمقانہ طریقے سے فوج کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سبزی منڈی بم دھماکے کی ابتدائی رپورٹ ایک دو روز میں مل جائے گی۔ طالبان کی مذمت کے بعد اس واقعے میں ملوث افراد کے بارے وزیر داخلہ عوام کو آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک جھوٹ بولنے کے ساتھ ساتھ کرپشن بھی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل سنت و الجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی کے خلاف ایسے کوئی ثبوت نہیں کہ انہیں دہشتگرد قرار دیں۔ مزید برآں خصوصی رپورٹر کے مطابق رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ اسلام آباد واقعہ کے بعد پنجاب میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ارو حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کے علاوہ غیرملکیوں کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سبزی منڈی دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں کی مدد سے دہشت گردوں کے کئی گروہ پکڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے متعلقہ کمشنرز اور آر پی اوز کو ہدایات دیدی ہیں۔