نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ بھارت کے اگلے وزیراعظم کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے، پاکستان اپنی مہمان نوازی کے لئے مشہور ہے پاکستان میں نریندر مودی کے ویزا کا کوئی مسئلہ نہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے ممبئی میں آئیڈیا ایکسچینج میں شرکت کے موقع پر کہا کہ باہمی عزم کا مظاہرہ کئے بغیرہم مسائل کو حل نہیں کر سکتے ،تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہرسطح پر رابطوں کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔ بھارت میں برسراقتدار آنے والی حکومت کا خیر مقدم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممبئی کیس کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں لیکن یہ عدالتی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار ہے ہر روزانسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں ، کاش میرے پاس جادو کی چھڑی ہوتی تو تمام مسائل حل ہوجاتے۔