لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ باغیوں کے یمن اور عراق کی سرحدیں توڑ کر سعودی عرب داخل ہونے پر مدد کو پہنچنا کوئی عقل مندی نہیں۔ جنگ کو سرزمین حرمین شریفین کے اندر آنے سے روکا جائے۔ اسلام دشمن قوتیں یمن کے باغیوں کو اسلحہ و دیگر وسائل فراہم کر رہی ہیں۔ سعودی عرب کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے خطاب میں کہاکہ صلیبیوں و یہودیوںنے ہمیشہ بیت اللہ کے خلاف سازشیں کی ہیں۔ اسوقت سب سے بڑا مسئلہ حرمین شریفین کے دفاع کا ہے۔ یمن میں بغاوت کی صورتحال کے باعث حرمین کیلئے خطرات کھڑے ہو رہے ہیں۔ اس حقیقت کو سمجھنے سے ہمارے سیاستدان قاصر ہیں اور غلط پروپیگنڈہ و سازشوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین شریفین نے پاکستان سے مدد مانگی اور حکومت نے سعودی عرب کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا تو بعض سیاستدانوںنے شور مچانا شروع کر دیا۔ سعودی عرب مخالف لابنگ کی گئی اور بھانت بھانت کی بولیاں بولی گئیں۔ یہ سب کچھ بیرونی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یمن کو بیس بنا کر سعودی عرب کو نقصانات سے دوچار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پاکستان کو سعودی عرب کی ہر ممکن مدد و حمایت کرنی چاہیے۔