عوام کو دہشت گرد بنانے والوں سے نجات دلانا چاہتے ہیں: مصطفیٰ کمال

کراچی (این این آئی) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مرنے اور مارنے کی باتیں کرنا ہماری پالیسی نہیں، ہم تمام لوگوں کو پاکستان کے جھنڈے تلے جمع کرنا چاہتے ہیں، اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا ہمارا بنیادی منشور ہے۔ 24اپریل کو کراچی میں تاریخی جلسہ عام کریں گے جس میں پورے پاکستان کے لوگ شریک ہوں گے جبکہ رضا ہارون نے کہا ہے کہ نائن زیرو کے 90 فیصد لوگ ہمارے رابطے میں ہیں۔ 24 اپریل کو بہت سے لوگ ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ صرف چند وکٹیں رہ جائیں گی۔ مصطفی کمال مستقبل کے وزیراعظم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال نے کہا ہم عوام کو دہشت گرد بنانے والوں سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے منشور پر کام جاری ہے۔ جلد ہم اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ ملک بھر میں مربوط تنظیمی سٹرکچر قائم کریں گے۔ کراچی کے جو نوجوان غلط راہوں پر چل پڑے ہیں، ان کو سیدھے راستے پر لانے کے لئے حکومت کو مربوط پالیسی دینا ہوگی۔ اس موقع پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضا ہارون نے کہا کہ نائن زیرو کے 90 فیصد ہم سے رابطے میں ہیں۔ تحریک انصاف اور ہمارے خیالات ملتے ہیں۔ الیکشن قریب آنے پر پی ٹی آئی سے اتحاد ہوسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن