پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور کے علاقہ شگئی ہندکیان میں شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا، لوڈ شیڈنگ کے باعث بیٹھک میں جنریٹر چالو کرنے سے زہریلا دھواں بھر گیا جس کے نتیجہ میں دولہے کا والد ، بھائی اور چچا زاد بھائی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ شمشیر ولد ستوری گل ساکن باڑہ کے بیٹے اسراج کی شادی تھی ہفتہ کی شب اپنے بیٹے کی بارات لانے کے بعد تقریبا 1بجے کے قریب شمشیر اپنے 13سالہ بیٹے اقرار ، 12سالہ بھتیجے بلال ولد قسیم گل اور 12سالہ رشتہ دار واجد کے ساتھ بیٹھک میں جاکر لیٹ گئے اس دوران بجلی چلی جانے کی وجہ سے انہوں نے بیٹھک میں جنریٹر چالو کردیا اور پھر سوگئے صبح جب شمشیر کی اہلیہ نے اپنے شوہر کو نماز فجر کیلئے اٹھانے کیلئے بیٹھک کا دروازہ کھولا تو چاروں سوئے ہوئے تھے شک گزرنے پر اس نے سب کو ہلایا لیکن کوئی بھی نہ اٹھا دیگر افراد کو بلایا تو انہوں نے فوری طور پر امدادی ٹیموں کو اطلاع کردی جنہوں نے چاروں افراد کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے کئی گھنٹے قبل چاروں کی موت واقع ہونے کی تصدیق کردی۔ علاوہ ازیں شگئی ہندکیان میں جنریٹر کے دھویں سے جاں بحق ہونے والے چاروں افراد آئی ڈی پیز تھے جو خیبر ایجنسی میں آپریشن کے باعث پشاور منتقل ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے بلال، واجد اور اقرار تینوں پانچویں اور چھٹی جماعت کے طالب علم تھے اور ان کی عمریں 12سے 13سال کے درمیان تھیںجنہوں نے ولیمے کی تقریب کیلئے نئے کپڑے بنوائے تھے تاہم انہیں نئے کپڑے پہننا نصیب نہ ہوئے جس پر ان کے رشتہ داروں نے نئے کپڑے ان کی میتوں پر رکھ دیئے بیک وقت خوشیوں بھرے گھر سے ایک ساتھ چار جنازے اٹھنے پر علاقہ میں کہرام بر پا ہوگیا اس موقع پر کافی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو آئے۔