پاکستان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے اثر و رسوخ استعمال کرے: اولسن

Apr 11, 2016

کابل(آئی این پی)پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے اثرورسوخ استعمال کرے، افغان امن عمل کے لئے چارفریقی گروپ کے اجلاس اور حالیہ کوششیں ملک میں امن اور ترقی کی جانب اہم قدم ہیں، افغانستان اور پاکستان کی حکومتوں کو امن کے معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ افغان ٹی وی ’’ تولو نیوز‘‘ سے انٹرویو میں رچرڈ اولسن نے کہا کہ افغان امن عمل کے لئے چار فریقی گروپ کے اجلاس اور حالیہ کوششیں افغانستان میں امن و ترقی لانے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ پاکستان امن عمل کے مسائل پر بہت اچھا پارٹنر رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد کرنے کے لئے اثرورسوخ استعمال کرے۔ میرے خیال پاکستان امن عمل کے لئے بہت اہم ہے ہمارا یہ نقطہ نظر ہے کہ افغانستان اور پاکستان کی حکومتیں امن کے معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔ امریکہ افغانستان میں امن کے قیام کے لئے بھر پور کردار ادا کرے گا۔دریں اثنا اولسن نے کابل میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی، افغان صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ کمشن کی تیاریوں، علاقائی امور، وارسا اور برسلز میں کانفرنسز کا انعقاد اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزیدخبریں