امریکی صدارتی انتخابات: سینڈرز کی ویومنگ میں جیت،ہلیری کو شدید جھٹکا

واشنگٹن+ نیویارک(اے پی پی+ نمائندہ خصوصی) امریکہ میں وہائٹ ہائوس پہنچنے کیلئے ڈیمو کریٹک پارٹی سے امیدوار بننے کی دوڑ میں ہلیری کلنٹن کو شدید جھٹکا لگا۔ انہیں ویومنگ ریاست سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جہاں برنی سینڈرز نے جیت حاصل کی۔ سینڈرز نے 56اور ہیلری نے 44فیصد ووٹ حاصل کئے۔برنی سینڈرز نے حال ہی میں 8 ریاستوں میں ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے انتخابات میں سے 7 میں فتح حاصل کی ہے۔ تا ہم ان کی حریف ہلیری کلنٹن کو اب بھی ان پر واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں امیدوار رواں ماہ ریاست نیو یارک میں پارٹی کے صدارتی امیدوار کے چنائو کیلئے ہونے والے انتخابات کی بھر پور تیاری کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اب تک ہونیوالے پرائمری انتخابات میں ہلیری کلنٹن کو سینڈرز کے 1061 مندوبین کے مقابلے میں 1749 مندوبین کی حمایت حاصل ہے۔ پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کیلئے2383مندوبین کی حمایت ضروری ہے۔ دریں اثناء فاکس نیوز کے ایک سروے کے مطابق ریپبلکن صدارتی امیدواروں میں سے ٹرمپ کو مردوں، عورتوں، غریب امیر سمیت تمام عمر کے گروپوں میں مقبولیت حاصل ہے۔ صدارتی امیدوار سینڈرز صرف مردوں اور نوجوانوں میں زیادہ شہرت رکھتے ہیں۔ سروے کے مطابق ریپبلکن پارٹی نے جولائی میں ٹرمپ کو امیدوار نامزد نہ کیا تو انکی حمایت کرنے والے ایک تہائی افراد ریپبلکن پارٹی کو ہی چھوڑ سکتے ہیں۔ سروے کے مطابق ریپبلکن امیدواروں میں ٹرمپ 54فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ جان کیسچ کو 22فیصد اور کروز15فیصد ریپبلکن ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔

ای پیپر دی نیشن