سرینگر اپریل (اے پی پی) بھارت کے معروف انسانی حقوق کارکن اور سول سوسائٹی کے رکن گوتم نولکھا نے کہا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر پر ہر صورت میں اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ گوتم نولکھا نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے مختلف علاقوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء پر مسلسل حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں سے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی حمایت یافتہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگ کی منافقت بے نقاب ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی یہ ہے کہ بی جے پی کا نام نہاد ترجمان سبرامنیم سوامی کھلے عام کشمیری طلباء کو دھمکیاں دے رہا ہے اور اس کی پارٹی اس کے خلاف کاروائی کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں پولیس نے بھارتی طلباء پر تشدد کیااور بی جے پی نے اس کا سخت نوٹس لیااورجب انتہا پسند ہندو جموں، راجستھان،کولکتہ اور بھارت کی دیگر ریاستوں میںکشمیری طلباء پر حملے کرتے ہیں تو یہ پارٹی چپ سادھ لیتی ہے۔