بھارتی عوام کی طرف سے امن، محبت کا پیغام لایا ہوں: گوتم بمباوالا

Apr 11, 2016

چکوال (نامہ نگار) پاکستان میں بھارت کے سفیر گوتم بمباوالا نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے مذاہب امن، بھائی چارے اور پیار کا سبق دیتے ہیں اور وہ بھارت کے عوام کی طرف سے امن اور محبت کا پیغام لیکر آئے ہیں اور دونوں ملکوں کے حکمرانوں کی اب یہ خلوص دل سے کوشش ہے کہ پورے خطے سے غربت کے خاتمے کے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ لوگوں کی بنیادی ضرورتوں روٹی، کپڑا اور مکان کو پورا کرنا ہوگا۔ وہ بزم آثار شناسی کے زیراہتمام عظیم صوفی بزرگ سیدن شاہ شیرازی کے حوالے سے منعقد صوفی کانفرنس میں خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں یوکرائن اور کرغزستان کے سفیروں کے علاوہ ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی، ڈی پی او منیر مسعود مارتھ اور دیگر بھی موجود تھے۔ کانفرنس کا آغاز کرتے ہوئے بزم آثار شناسی کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ سیمینار میں ڈاکٹر پروفیسر ریاض احمد، صغیر اسلم، راجہ عامر اقبال، ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال، راجہ ساجد اقبال اور دیگر نے بھی شرکت کی اور خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سرزمین کئی انسانی تہذیبوں کا مسکن ہے اور یہاں پر تاریخ کے گم گشتہ خزانے دفن ہیں۔

مزیدخبریں