مشرف کی رہائی میں سہولت کار بننے والے حکمرانوں پر پانامہ لیکس کا عذاب مسلط ہوگیا: سمیع الحق

Apr 11, 2016

حضرو (این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ لاہور میں سیکولر پارٹیوں اور لبرل لیڈروں کا پاکستان کے نظریاتی تشخص کے خلاف اکٹھے ہوکر مذموم عزائم کااظہار اسلامیان پاکستان کے لئے ایک وارننگ ہے اور اس کا جواب یہی ہے کہ تمام دینی اور محب وطن سیاسی قوتیں پاکستان میں نظام مصطفی اور نظام شریعت کے نفاذ کیلئے متحد ہوکر منظم جدوجہد شروع کریں۔ حضرو کے مدرسہ عربیہ اشاعت القرآن میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کا سارا نظم میزان اور وزن سے وابستہ کیا ہے کوئی بھی انسانی نظام مادہ پرستی، شوشلزم، کمیونزم، کیپٹل ازم، لبرل ازم کے فرسودہ نظام پر پورا نہیں اترتا۔ مولانا سمیع الحق نے حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا پرویز مشرف کی رہائی میں سہولت کار بننے والوں حکمرانوں پر اللہ تعالیٰ نے پانامہ لیکس کا عذاب مسلط کردیا ہے جس سے ان کا نکلنا اب مشکل ہے۔

مزیدخبریں