برطانوی شہزادہ ولیم، شہزادی کیٹ نے بھارت میں بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلی

Apr 11, 2016

ممبئی (سپورٹس ڈیسک) برطانوی شہزادے ولیم، شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بھارت میں بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل کر سب کو حیران کر دیا سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر اور کھلاڑی دلیپ وینگسارکر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کیتھرین جب کھیلنے آئیں تو ٹنڈولکر نے بہت ہی آہستہ گیندیں پھینکی۔ شائقین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا انعقاد 3 خیراتی اداروں کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ٹنڈولکر کی طرف سے افتتاحی گیند پھینکنے کے بعد سکول کے طلباء اور طالبات نے گیندیں کرانا شروع کر دیں تھیں۔ ولیم نے اس موقع پر کہا یہ تجربہ بہت اچھا ہے اور ہمیں کبھی نہیں بھولے گا۔ بچوں نے شہزادے اور شہزادی کو پہلی بار دیکھا تھا۔ ٹنڈولکر نے شہزادے اور شہزادی کی کرکٹ کے حوالے سے تکنیک کی تعریف کی۔ شہزادے نے بچوں کو آٹو گراف بھی دیئے۔ دونوں نے ممبئی حملوں میں مارے جانے والے افراد کی یادگار پر پھول بھی چڑھائے۔ برطانوی شہزادہ اپنی اہلیہ کے ساتھ آسام جائیں گے اور پھر بھوٹان روانہ ہوں گے۔ دونوں پہلی مرتبہ برصغیر کے دورے پر آئے ہیں۔

مزیدخبریں